اولمپکس سے پہلے فرانس میں کرکٹ ختم ہونے کا خطرہ
ملک کی کرکٹ فیڈریشن میں انتظامی بحران، مالی بے ضابطگیوں اور مبینہ اسکینڈلز کے باعث کرکٹ کے خاتمے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اولمپکس سے پہلے فرانس میں کرکٹ ختم ہونے کا خطرہ
اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی سے دو سال سے بھی کم عرصہ قبل فرانس میں اس کھیل کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔ ملک کی کرکٹ فیڈریشن میں انتظامی بحران، مالی بے ضابطگیوں اور مبینہ اسکینڈلز کے باعث کرکٹ کے خاتمے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فرانس کی کھلاڑی اور کرکٹ منتظم میریم رومیرو نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ملک میں کرکٹ دم توڑ سکتی ہے۔
فرانس میں کرکٹ کا قومی مقابلہ اس سال معطل کر دیا گیا، جہاں کئی کلبز نے فیڈریشن کے صدر پریبگاران بالانے سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کلبز کا مؤقف ہے کہ موجودہ قیادت کے تحت انتظامی مسائل حل نہیں ہو سکتے۔
فرانس کی وزارت کھیل نے رواں سال کے آغاز میں فیڈریشن کی سرکاری منظوری واپس لے لی تھی، جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جون میں ترقیاتی فنڈز روک کر فرانس کرکٹ کو رکنیت کے معیار پر عمل نہ کرنے کے حوالے سے نوٹس جاری کیا تھا۔
بحران کی بڑی وجوہات میں خواتین کے جعلی کرکٹ میچز کا معاملہ اور ترقیاتی فنڈز کے استعمال کا غیر واضح حساب شامل ہیں۔ 2023 میں سامنے آنے والی تحقیقات کے مطابق بعض کلبز نے خواتین کے ایسے میچز کے نتائج درج کیے جو حقیقت میں کھیلے ہی نہیں گئے تھے، مبینہ طور پر ایسا عالمی کرکٹ ادارے سے فنڈز حاصل کرنے کے لیے کیا گیا۔
فرانس کی سابق خواتین کرکٹرز نے اس معاملے کی تحقیقات اور جواب دہی کا مطالبہ کیا تھا، تاہم ان کے مطابق فیڈریشن نے ان کی آواز سننے کے بجائے انہیں معطل کر دیا۔ دوسری جانب فرانس کرکٹ کے صدر ان الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔
پیرس کے اہم کرکٹ کلبز سمیت متعدد تنظیمیں موجودہ فیڈریشن سے علیحدگی اختیار کر چکی ہیں اور ایک نئی قومی کرکٹ تنظیم قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ بعض کلبز کا مطالبہ ہے کہ صدر مستعفی ہوں اور نوجوانوں اور خواتین کی کرکٹ کے فروغ کے لیے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات کی جائیں۔
رپورٹ کے مطابق نومبر میں 34 کلبز نے صدر اور انتظامی کمیٹی کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد پیش کرنے کے لیے ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا، تاہم صدر نے اس درخواست کو قبول نہیں کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کرکٹ آخری مرتبہ 1900 میں پیرس اولمپکس میں کھیلی گئی تھی، جہاں انگلینڈ نے فرانس کو 158 رنز سے شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔ اب 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ دوبارہ شامل ہو رہی ہے، لیکن فرانس کی ٹیم اس ایونٹ میں شرکت نہیں کرے گی۔
فرانس کے کرکٹ حلقوں کو خدشہ ہے کہ اگر فیڈریشن کا بحران حل نہ ہوا تو اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی کے باوجود فرانس میں اس کھیل کا مستقبل تاریک ہو سکتا ہے۔