فیلڈ مارشل عاصم منیر سے برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات، سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال
پاک برطانیہ دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق، برطانوی جنرل نے پاک افواج کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات، سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال
راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے برطانیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون مزید بڑھانے کے امکانات پر گفتگو کی گئی، جبکہ دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر فوجی سطح پر دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برطانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف نے پاک افواج کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک افواج کی خدمات کا اعتراف کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ نے دفاعی تعاون اور فوجی تعلقات مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔ جی ایچ کیو آمد پر برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔