غیرقانونی طبی فضلے کی مبینہ فروخت، ایف آئی اے کا پمز کے سرجیکل ویسٹ اسٹور پر چھاپہ
طبی فضلے کی مبینہ غیرقانونی فروخت کی تحقیقات شروع، ایف آئی اے ٹیم ریکارڈ اور انٹری رجسٹر کی جانچ پڑتال میں مصروف
ایف آئی اے کا پمز اسپتال کے سرجیکل ویسٹ اسٹور پر چھاپہ، ریکارڈ قبضے میں لے لیا
اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پمز اسپتال میں مبینہ طور پر غیرقانونی طریقے سے طبی فضلہ فروخت کیے جانے کے معاملے پر سرجیکل ویسٹ اسٹور پر چھاپہ مار کر ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم نے پمز کے سرجیکل ویسٹ اسٹور پر چھاپہ مارا اور اسٹور کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا۔ اس دوران سرجیکل اسٹور کا انٹری رجسٹر بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے مبینہ غیرقانونی طور پر طبی فضلہ فروخت کرنے کے معاملے پر کارروائی کی ہے۔ پمز کی ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارم نوید نے بھی چھاپے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایف آئی اے کی ٹیم ریکارڈ کی جانچ پڑتال کر رہی ہے۔
ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر ارم نوید کے مطابق اسپتال میں طبی فضلے کو ٹھکانے لگانے کا عمل ایک نجی کمپنی کو آؤٹ سورس کیا گیا ہے۔ پمز اسپتال میں 900 کلوگرام طبی فضلے کو انسینیریٹ (جلانے) کرنے کی گنجائش ہے، جبکہ اسپتال میں روزانہ طبی فضلے کی مقدار 1200 سے 1500 کلوگرام تک پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ طبی فضلے کو تلف کرنے کی ذمہ داری نجی کمپنی کو سونپی گئی ہے۔ طبی فضلہ پمز اسپتال سے باہر لے جا کر انسینیریٹر میں تلف کرنا نجی کمپنی کی ذمہ داری ہے۔ طبی فضلہ لے جانے والی گاڑی کا ریکارڈ رکھا جاتا ہے، جبکہ اسے جلایا جاتا ہے یا نہیں، اس کی ذمہ داری بھی نجی کمپنی پر عائد ہوتی ہے۔
ڈاکٹر ارم نوید کا کہنا تھا کہ طبی فضلے سے بھرا ٹرک روانہ ہونے پر متعلقہ سلپ پر دستخط کیے جاتے ہیں۔ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نان میڈیکل نوید شیخ بھی موجود ہیں۔