کراچی پریس کلب کا بلاول بھٹو زرداری کو اعزازی رکنیت دینے کا اعلان
کراچی پریس کلب کی مجلس عاملہ نے بلاول بھٹو زرداری کو صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا
فوتو بشکریہ کراچی پریس کلب
کراچی: بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور مجلس عاملہ کے اجلاس میں بھی شرکت کی، جہاں انہیں کلب کی جانب سے اعزازی رکنیت دینے کا اعلان کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، شازیہ مری، شرجیل انعام میمن، سعید غنی، مرتضیٰ وہاب، شرمیلا فاروقی، امداد پتافی، جمیل سومرو اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
کراچی پریس کلب کی مجلس عاملہ نے بلاول بھٹو زرداری کو صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور آزادی اظہار رائے کے لیے آواز بلند کرتے رہنے کی درخواست کی۔ اجلاس میں نائب صدر دلشاد کھوکھر، سیکریٹری اسلم خان، نائب سیکریٹری فاروق سمیع، خازن عمران ایوب اور مجلس عاملہ کے ارکان جاوید مہر، فرید عالم اور عبدالجبار ناصر نے شرکت کی۔
اس موقع پر کراچی پریس کلب کے قائم مقام صدر جاوید مہر اور سیکریٹری اسلم خان نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب نے ہمیشہ جمہوریت، آزادی صحافت اور آزادی اظہار کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے کراچی پریس کلب کے دوروں اور صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے ان کی خدمات کا بھی ذکر کیا۔
سیکریٹری کراچی پریس کلب اسلم خان نے صحافیوں کو الاٹ کیے گئے پلاٹس کے ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے، لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے معاملات کا جائزہ لینے اور پلاٹس کے بقایا چالان جلد جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ارکان کو پلاٹس کی الاٹمنٹ کا عمل مکمل ہوچکا ہے تاہم ترقیاتی کاموں میں مزید پیش رفت کی ضرورت ہے تاکہ صحافی اپنے گھروں کی تعمیر کا خواب پورا کرسکیں۔
انہوں نے کراچی پریس کلب کی سالانہ گرانٹ میں اضافے، کلب کے تقریباً 1800 ارکان اور عملے کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی فنڈز، صحافیوں کے علاج اور بچوں کی تعلیم کے لیے مستقل انڈومنٹ فنڈ کے قیام اور بے روزگار صحافیوں کی معاونت کے لیے ورکرز ویلفیئر فنڈ کی پالیسی بنانے پر بھی زور دیا۔
اسلم خان نے کہا کہ صحافیوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کا نظام بنایا جائے تاکہ وہ اپنی محدود آمدنی کے باوجود الاٹ شدہ پلاٹس پر گھر تعمیر کرسکیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ کراچی پریس کلب کے مسائل کے حل کے لیے سندھ حکومت کے متعلقہ وزرا، محکموں کے افسران اور پریس کلب کی قیادت پر مشتمل خصوصی کمیٹی قائم کی جائے، جسے تمام معاملات حل کرنے کے لیے باقاعدہ ٹائم فریم دیا جائے۔
میٹ دی پریس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، صوبائی وزرا، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، کراچی پریس کلب کی مجلس عاملہ اور صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب کے اختتام پر کراچی پریس کلب کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو روایتی اجرک اور سندھی ٹوپی کا تحفہ پیش کیا گیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کراچی پریس کلب کی دعوت اور صحافیوں سے ملاقات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ صحافیوں کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز اور مسائل کو پارلیمان میں اٹھانے اور ان کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔