زرداری خاندان کے چشم و چراغ ریاست کو بلیک میل کرنا بند کریں ،کراچی میں خونریزی کیوں ہوگی؟ ایم کیو ایم

بلاول بھٹو کے بیان پر ایم کیو ایم کا ردعمل، نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کا مطالبہ

November 17, 2026 · قومی

زرداری خاندان ریاست کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ بند کرے، کراچی میں خونریزی کیوں ہوگی؟ ایم کیو ایم

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کہا ہے کہ زرداری خاندان کے چشم و چراغ حکومت اور ریاست کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ بند کریں، اگر پورے ملک میں صوبے بننے ہیں تو پھر کراچی اور شہری سندھ میں ہی خونریزی کیوں ہوگی؟

نجی ٹی وی چینل کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اعترافِ جرم کرنے پر بلاول زرداری کے مشکور ہیں۔

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے سوال کیا کہ بلاول بتائیں کہ اگر پورے ملک میں صوبے بننے ہیں تو خونریزی صرف کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں میں ہی کیوں ہوگی؟ نئے صوبوں کا قیام ایک آئینی تقاضا ہے، اس پر گفتگو کرنے پر آگ بگولا ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔

ترجمان نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کی اکثریت سندھ سمیت ملک بھر میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری بھی سندھ کی حقیقی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کریں۔

ایم کیو ایم ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمیں آپ کی بے چینی کا اندازہ ہے، لیکن ہم سندھ کے شہری علاقوں کو مزید لوٹ کا مال نہیں بننے دیں گے۔

ترجمان نے بلاول زرداری سے سوال کیا کہ وہ قوم کو آگاہ کریں کہ 27ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کرنے والے اس کی حمایت میں ووٹ کیوں دے رہے تھے؟ بلاول نے ایم کیو ایم کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کرپشن کو ملک کی تباہی کی سب سے بڑی وجہ قرار دیا ہے۔

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے مزید سوال کیا کہ کیا بلاول زرداری قوم کو گزشتہ 18 سال سے سندھ پر قابض حکمرانوں کی غضب کرپشن سے آگاہ کریں گے؟

ترجمان نے مطالبہ کیا کہ زرداری خاندان کے چشم و چراغ حکومت اور ریاست کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ بند کریں۔