بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر ساف فٹبال چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا

ڈھاکا میں کھیلا گیا فائنل، بھارت نے 1 کے مقابلے میں 2 گول سے کامیابی حاصل کی، قومی ٹیم پہلی بار فائنل میں پہنچی تھی

November 17, 2026 · اسپورٹس
بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر ساف فٹبال چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا

بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر ساف فٹبال چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا

بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ساف فٹبال چیمپئن شپ کے انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر 10ویں مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔

میچ کے پہلے ہاف کے اختتام پر قومی ٹیم کو حریف ٹیم کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل تھی۔ پہلے ہاف کے آخری لمحات میں پاکستان کی جانب سے پہلا گول عالمگیر غازی نے اسکور کیا۔ اس شاندار آغاز کے بعد قومی ٹیم نے کھیل پر اچھی گرفت برقرار رکھی، تاہم دوسرے ہاف میں بھارتی ٹیم نے کم بیک کیا۔

میچ کے 61 ویں منٹ میں بھارت کی جانب سے سہیل بھٹ نے گول اسکور کرکے مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد کھیل کے 88 ویں منٹ میں سندیپ نے دوسرا گول کرکے بھارت کو فیصلہ کن برتری دلادی جو کہ میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑی جنید کو فاؤل پر ریڈ کارڈ دکھایا گیا جس کے بعد قومی ٹیم کو بقیہ وقت 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔ فائنل میں قومی ٹیم کی قیادت عبداللہ اقبال نے کی۔ خیال رہے کہ پاکستان نے اس سے قبل سیمی فائنل میں بنگلا دیش کو ایک صفر سے شکست دے کر پہلی بار ساف فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی اور ٹیم کے پاس تاریخ رقم کرنے کا موقع تھا، تاہم وہ اسے بروئے کار نہ لاسکے۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی بھارت نے مسلسل تیسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے جبکہ ساف فٹبال چیمپئن شپ کی تاریخ میں یہ اس کا مجموعی طور پر 10واں ٹائٹل ہے۔