امریکا میں بھارتی خفیہ سازش بے نقاب،’را‘ ایجنٹ نکھل گپتا کو 24 سال سے زائد قید کی سفارش

امریکی پراسیکیوٹرز نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ بیرونِ ملک قتل کی سازش میں ملوث نکھل گپتا کو سخت سزا سنائی جائے۔بھارتی جریدے دی ہندو

November 18, 2026 · امت خاص
امریکا میں بھارتی خفیہ سازش بے نقاب،’را‘ ایجنٹ نکھل گپتا کو 24 سال سے زائد قید کی سفارش

امریکا میں بھارتی خفیہ سازش بے نقاب،’را‘ ایجنٹ نکھل گپتا کو 24 سال سے زائد قید کی سفارش

امریکا میں سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں ملوث بھارتی شہری اور خفیہ ایجنسی ’را‘ کے مبینہ ایجنٹ نکھل گپتا کے گرد قانونی گھیرا تنگ ہوگیا۔ امریکی پراسیکیوٹرز نے نکھل گپتا کو 24 سال سے زائد قید کی سزا دینے کی سفارش کردی ہے۔

بھارتی جریدے دی ہندو کے مطابق امریکی پراسیکیوٹرز نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ بیرونِ ملک قتل کی سازش میں ملوث نکھل گپتا کو سخت سزا سنائی جائے۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق اسے 20 نومبر کو سزا سنائی جائے گی۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق مئی 2023 میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایجنٹ وکاش یادو نے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کے لیے نکھل گپتا کو بھرتی کیا تھا۔

دستاویزات کے مطابق نکھل گپتا کو اس کارروائی کے لیے اضافی رقم دینے کے علاوہ منشیات سے لدے طیارے کو منی پور ایئرپورٹ پر کلیئر کروانے اور اسلحے کی خرید و فروخت میں مدد فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔

امریکی عدالتی دستاویزات میں یہ انکشاف بھی سامنے آیا تھا کہ نکھل گپتا اور وکاش یادو نے پاکستان اور نیپال میں بھی قتل کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔ نکھل گپتا نے مئی 2023 میں پاکستان میں ایک ہدف کو قتل کرنے کے حوالے سے بھی وکاش یادو سے رابطہ کیا تھا۔

امریکی عدالتی دستاویزات کے مطابق دونوں بھارتی شہری کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے معاملے سے بھی منسلک تھے۔

واضح رہے کہ نکھل گپتا 13 فروری 2026 کو را کے ایجنٹ سے روابط، سکھ رہنما کے قتل کی سازش، قتل کے لیے رقم فراہم کرنے اور منی لانڈرنگ سمیت الزامات تسلیم کر چکا ہے۔