بجلی 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان
ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ، نیپرا میں درخواست دائر، 26 نومبر کو سماعت ہوگی۔
بجلی 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک بار پھر مہنگائی کا طوفان آنے کا خدشہ ہے کیونکہ اکتوبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس ضمن میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں باضابطہ درخواست جمع کرا دی ہے۔
دستاویزات اور سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر کے دوران بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو 10 ارب 35 کروڑ یونٹس بجلی فروخت کی گئی۔ نیپرا میں جمع کرائی گئی درخواست کے متن کے مطابق اکتوبر میں مجموعی بجلی کی پیداواری لاگت 111 ارب 29 کروڑ روپے رہی۔ گزشتہ ماہ ڈیزل سے بجلی کی پیداوار کی لاگت 69 روپے 58 پیسے فی یونٹ رہی، جبکہ فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت 46 روپے 42 پیسے فی یونٹ ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ ایل این جی سے 28 روپے 73 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی اور ایران سے درآمد کی جانے والی بجلی کی فی یونٹ قیمت 31 روپے 73 پیسے رہی۔
سی پی پی اے کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر کے لیے بجلی کی ریفرنس لاگت 7 روپے 86 پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی تھی جبکہ پیداواری لاگت اس سے کہیں زیادہ رہی۔ ذرائع کے مطابق اس درخواست کی منظوری کی صورت میں ملک بھر کے بجلی صارفین پر مجموعی طور پر 29 ارب 80 کروڑ سے 30 ارب روپے تک کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔
نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ اس قیمت میں اضافے سے متعلق درخواست پر آئندہ ماہ 26 نومبر کو باضابطہ سماعت کی جائے گی۔ سماعت کے دوران سی پی پی اے کی جانب سے پیش کردہ اعداد و شمار اور دلائل کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد اتھارٹی کی جانب سے حتمی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔ منظوری کی صورت میں صارفین کو آئندہ ماہ کے بجلی بلوں میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔