امریکی خام تیل کے ذخائر میں اضافے اور کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی

خام تیل کے ذخائر میں اضافہ، امریکہ اور ایران کشیدگی جاری، سپلائی کے خدشات برقرار

November 18, 2026 · کامرس
امریکی خام تیل کے ذخائر میں اضافے اور کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی

امریکی خام تیل کے ذخائر میں اضافے اور کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ امریکی خام تیل اور فیول کے ذخائر میں اضافے کے اعداد و شمار کے بعد سامنے آئی ہے۔ تاہم، امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں جہرانی نقل و حرکت میں رکاوٹوں نے قیمتوں میں مزید بڑی کمی کو محدود رکھا۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کے سودے 56 سینٹ یعنی 0.65 فیصد کمی کے بعد 85.45 ڈالر فی بیرل پر طے پائے، جبکہ برینٹ کروڈ کےویک وعدے 16 سینٹ یا 0.17 فیصد کمی کے ساتھ 92.98 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوتے دکھائی دیے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق، امریکن پیٹرولیم انسٹی ٹیوٹ کے جاری کردہ اعداد و شمار کی روشنی میں 13 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران خام تیل کے ذخائر میں 5.28 ملین بیرل کا اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ، گیسولین کے ذخائر میں 5.12 ملین بیرل اور ڈسٹلیٹ انوینٹریز میں 351,000 بیرل کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

بحرین کی دفاعی فورس نے بیان میں تصدیق کی ہے کہ انہوں نے ملک میں ایرانی فضائی حملوں کو ناکام بنایا ہے، جہاں امریکی بحریہ کا 5واں بیڑا مقیم ہے۔ یہ واقعہ امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی اور حملوں کے تبادلے کے بعد سامنے آیا ہے۔ منگل کے روز دونوں بینچ مارک تیل کی قیمتیں بلند سطح پر بند ہوئی تھیں کیونکہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان محاذ آرائی شدت اختیار کر گئی تھی، جبکہ دوسری جانب عمان اور قطر کی ثالثی میں مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

آبنائے ہرمز کے قریب جہازوں پر حملوں نے سپلائی سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ پیر کے روز عمان کے ساحل کے قریب آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک ایل پی جی ٹینکر پر پراجیکٹائل سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں عملے کو جہاز خالی کرنا پڑا۔ تجزیاتی اداروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ متبادل راستوں کے ذریعے علاقائی سپلائی بحال ہو سکتی ہے، لیکن تازہ ترین جہازوں کے اعداد و شمار سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ موجودہ حالات میں آبنائے ہرمز سے ترسیل کا معمول پر آنا فی الحال ممکن نہیں ہے۔

علاوہ ازیں، یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کے ساتھ دو پمپنگ اسٹیشنوں کی جانب 5 ڈرون داغنے کا دعویٰ کیا ہے، جسے سعودی عرب جنگ کے دوران آبنائے ہرمز کو بائی پاس کرتے ہوئے اپنے ینبع بندرگاہ تک تیل کی ترسیل کے لیے استعمال کرتا رہا ہے۔