کراچی،جوہر موڑ حادثے میں زخمی 70 سالہ شہری 20 روز بعد دم توڑ گیا،خاتون ڈرائیور کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
حکام انہیں قانونی کارروائی کے بجائے معاملہ طے کرنے پر دباؤ ڈال رہے ہیں اور خاتون ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے۔متوفی کے اہل خانہ کا الزام
کراچی،جوہر موڑ حادثے میں زخمی 70 سالہ شہری 20 روز بعد دم توڑ گیا،خاتون ڈرائیور کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق واقعہ 27 اکتوبر کو راشد منہاس روڈ پر جوہر موڑ فلائی اوور کے قریب پیش آیا تھا، جہاں مبینہ طور پر تیز رفتار گاڑی نے سڑک کنارے پبلک ٹرانسپورٹ کے انتظار میں کھڑے شاہین مرزا کو ٹکر مار دی تھی۔
بتایا گیا ہے کہ شاہین مرزا موٹر سائیکل چوری ہونے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے سفر کرنے کے لیے انتظار کر رہے تھے۔ حادثے میں ان کے سر پر شدید چوٹیں آئیں اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ 20 روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد گاڑی چلانے والی خاتون اور موقع پر موجود شہریوں کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ ویڈیوز میں خاتون کو ٹریفک پولیس اہلکاروں اور شہریوں کے ساتھ الجھتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
متوفی کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ حکام انہیں قانونی کارروائی کے بجائے معاملہ طے کرنے پر دباؤ ڈال رہے ہیں اور خاتون ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے۔
دوسری جانب خاتون ڈرائیور کا مؤقف ہے کہ وہ حادثے کے بعد زخمی شخص کی مدد کے لیے رکی تھیں، تاہم وہاں موجود افراد نے انہیں ہراساں کیا اور ان کا سامان بھی چھین لیا۔
شاہین مرزا کے انتقال کے بعد واقعے کی ذمہ داری، خاتون ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی سے متعلق سوالات ایک بار پھر اٹھنے لگے ہیں۔