پاکستان میں لوگ سولر پر منتقل، گرڈ سفید ہاتھی بننے لگا
بجلی کے نرخوں میں اضافہ، چینی سولر پینلز کی قیمت میں 93 فیصد کمی
پاکستان میں لوگ سولر پر منتقل، گرڈ سفید ہاتھی بننے لگا
اسلام آباد: پاکستان میں بجلی کے بڑھتے نرخوں اور چینی سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باعث شہریوں اور صنعتی اداروں کی بڑی تعداد شمسی توانائی کی طرف منتقل ہوگئی، جس سے قومی بجلی کے نظام کے اخراجات اور باقی صارفین پر مالی بوجھ بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
پاکستان میں 2018 سے 2025 کے دوران شمسی توانائی سے پیدا ہونے والی بجلی کا حصہ ایک فیصد سے بڑھ کر 28 فیصد ہوگیا ہے، جبکہ پاکستان میں قائم تھنک ٹینک رینیوایبلز فرسٹ کے مطابق تقریباً 70 لاکھ گھرانوں کے پاس اب سولر پینلز موجود ہیں۔
پنجاب کے دیہی علاقے سے تعلق رکھنے والے فیصل شہزاد کے گھر میں شادی کے تین ماہ بعد دلہن کے خاندان کی جانب سے جہیز میں دیے گئے زیورات، چاندی کے برتن، صوفے اور ایئرکنڈیشنر سمیت متعدد اشیا موجود ہیں، تاہم ان کے لیے سب سے قیمتی تحفہ 340 واٹ کا سولر پینل ہے، جسے وہ اپنے بستر کے نیچے رکھتے ہیں۔
فیصل شہزاد کے مطابق گرمیوں میں وہ صبح 8 بجے سے شام تک سولر پینل استعمال کرتے تھے اور اس دوران انہیں دن کے وقت قومی بجلی کے نظام سے بجلی لینے کی ضرورت نہیں پڑتی تھی، جبکہ وہ پورا دن اسی پینل سے ایئرکولر بھی چلاتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے شادیوں میں موٹرسائیکل یا گھریلو استعمال کی دوسری اشیا تحفے میں دی جاتی تھیں، لیکن اب سولر پینل اور ایئرکولر دینا تقریباً ضروری سمجھا جانے لگا ہے۔
وہ اپنی بجلی کی ضروریات کے لیے قومی گرڈ سے بھی بجلی حاصل کرتے ہیں، کیونکہ ان کے گھر میں ان کے اپنے خاندان کے علاوہ بھائیوں کے خاندان بھی رہتے ہیں، جہاں بیک وقت متعدد برقی آلات استعمال ہوتے ہیں۔
پاکستان میں اوسط ماہانہ آمدنی 40 ہزار روپے سے کچھ کم ہے، جبکہ بجلی کے بل 15 ہزار سے 18 ہزار روپے تک پہنچنے کے باعث عام شہریوں کے لیے انہیں ادا کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔
سولر انقلاب اور قومی گرڈ کے مسائل
پاکستان میں سولر توانائی کی طرف منتقلی کا بنیادی محرک حکومتی پالیسی کے بجائے انفرادی گھرانوں کے فیصلے ہیں۔ بیشتر افراد نے بڑھتے ہوئے بجلی کے نرخوں اور قومی گرڈ سے غیر یقینی فراہمی سے بچنے کے لیے سولر پینلز نصب کیے ہیں۔
رینیوایبلز فرسٹ سے وابستہ محمد حسن دجانا کے مطابق چند سالوں میں بجلی کے نرخ دگنے سے بھی زیادہ ہوچکے ہیں، جبکہ چینی سولر پینلز کی قیمت میں 93 فیصد کمی آئی ہے۔
وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری کا کہنا ہے کہ لوگوں نے اپنی بقا کے لیے متبادل راستہ تلاش کیا ہے اور معاشی طور پر مؤثر انداز میں حالات کا جواب دیا ہے۔ ان کے مطابق یہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔
تاہم سولر توانائی کے بڑھتے استعمال سے قومی بجلی کے نظام کو ایک نئے مسئلے کا سامنا ہے، جسے یوٹیلیٹی ڈیتھ اسپائرل کہا جاتا ہے۔
اس صورت حال میں جب زیادہ صارفین قومی گرڈ سے کم بجلی خریدتے ہیں تو بجلی کے نظام کی دیکھ بھال کے مستقل اخراجات پورے کرنے کے لیے صارفین کی تعداد کم ہوجاتی ہے۔ نتیجتاً بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، جس سے مزید لوگ سولر توانائی کی طرف منتقل ہوجاتے ہیں۔
اس عمل کے نتیجے میں ایسا دو سطحی نظام وجود میں آسکتا ہے جہاں سولر پینل خریدنے کی استطاعت نہ رکھنے والے صارفین کو بڑھتے ہوئے بجلی کے بلوں کا سامنا کرنا پڑے، جبکہ قومی گرڈ ریاست پر مسلسل مالی بوجھ بنتا جائے۔
محمد حسن دجانا کے مطابق اس صورت حال میں سرکاری ملکیتی بجلی کا ادارہ ایک ایسے سفید ہاتھی میں تبدیل ہوسکتا ہے جسے فعال رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر عوامی فنڈز درکار ہوں۔
وفاقی حکومت کے مطابق گزشتہ دو سال کے دوران صارفین کی قومی گرڈ سے علیحدگی کے باعث باقی صارفین پر سالانہ 50 کروڑ ڈالر سے زیادہ کا اضافی بوجھ پڑا ہے۔
اویس احمد لغاری کا کہنا ہے کہ حکومت لوگوں کو سولر توانائی کے استعمال سے روکنا نہیں چاہتی بلکہ قومی گرڈ کو زیادہ مسابقتی بنانے کی کوشش کررہی ہے تاکہ صارفین کو بجلی بہتر قیمتوں پر فراہم کی جاسکے۔
قومی گرڈ کو بجلی فراہم کرنے والے نجی بجلی پیدا کرنے والے اداروں کو پاکستان میں مہنگے اور غیر لچکدار معاہدوں کے باعث شدید تنقید کا سامنا رہا ہے، جبکہ بجلی پیدا کرنے والے ادارے زیادہ بلوں کی وجوہات میں گرڈ کی ناقص دیکھ بھال جیسے بنیادی مسائل کو بھی شامل کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر توانائی کے مطابق حکومت نے بیشتر معاہدوں پر دوبارہ مذاکرات کیے ہیں اور اب بجلی کے نظام کو زیادہ مؤثر بنانے، توانائی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے، ضیاع کم کرنے اور جدت متعارف کرانے پر توجہ دی جارہی ہے۔
حکومت کا ہدف ہے کہ 2036 کے اختتام تک ملک کی 90 فیصد تک بجلی صاف ذرائع سے حاصل کی جائے، جس میں قابلِ تجدید توانائی اور جوہری توانائی شامل ہیں، جبکہ درآمدی توانائی پر انحصار 26 فیصد سے کم کرکے 4 فیصد تک لایا جائے۔
صنعتی شعبے میں سولر توانائی کا فروغ
حکومت کی جانب سے قومی گرڈ کو بہتر بنانے کی کوششوں کے باوجود صنعتی شعبے میں بھی سولر توانائی کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
اسلام آباد میں واقع کوہ نور ٹیکسٹائل ملز اس کی ایک مثال ہے، جہاں بڑے پیمانے پر نصب نیلے سولر پینلز کے ذریعے بجلی حاصل کی جارہی ہے۔
ملز کے یوٹیلیٹیز مینیجر سباوون خان کے مطابق دھوپ کے دوران فیکٹری کی سیکڑوں مشینیں مکمل طور پر شمسی توانائی سے چلتی ہیں، جبکہ پہلے استعمال ہونے والے ہیوی فرنس آئل انجن اب گودام میں بند پڑے ہیں۔
تاہم ابر آلود موسم، فضائی آلودگی اور رات کے وقت کمپنی کو قومی گرڈ سے زیادہ بجلی حاصل کرنا پڑتی ہے۔ اسی لیے دیگر کمپنیوں کی طرح یہ ادارہ بھی آئندہ چند ہفتوں میں صنعتی بیٹریاں استعمال کرنا شروع کرے گا، جن میں اضافی شمسی توانائی ذخیرہ کی جاسکے گی۔
ملز کے چیف ایگزیکٹو ٹوفیق سعید سیگل کے مطابق توانائی کے اخراجات کم کرنے کے لیے سولر توانائی اختیار کی گئی ہے، تاہم ان کا ادارہ مکمل طور پر قومی گرڈ سے علیحدہ ہونے کا ارادہ نہیں رکھتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست کے پاس بدقسمتی سے تمام وسائل موجود نہیں، اس لیے ہر چیز کا ذمہ دار حکومت کو قرار نہیں دیا جاسکتا اور اداروں کو بھی اپنے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔
سولر پالیسی میں تبدیلی پر تنقید
حکومت کو سولر توانائی سے متعلق پالیسی تبدیل کرنے پر بھی تنقید کا سامنا ہے۔ پہلے گھریلو صارفین اضافی شمسی بجلی قومی گرڈ کو فراہم کرکے کریڈٹ حاصل کرسکتے تھے، جسے سورج کی روشنی نہ ہونے پر گرڈ سے حاصل کی جانے والی بجلی کے اخراجات کم کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا، تاہم رواں سال اس پالیسی میں تبدیلی کردی گئی۔
فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے صدر عارف احسان ملک کے مطابق ابتدائی پالیسی صارفین کے لیے بہت فائدہ مند تھی، لیکن بعد میں اسے تبدیل کردیا گیا، جس کے تحت اب حکومت سولر بجلی کم نرخوں پر خریدتی اور صارفین کو زیادہ قیمت پر واپس فروخت کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس تبدیلی سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں پر نمایاں اثر پڑتا ہے۔
اویس احمد لغاری نے اس پالیسی تبدیلی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پہلے نظام کے مالی اخراجات قابلِ عمل نہیں تھے، کیونکہ سولر صارفین کی جانب سے گرڈ کو فراہم کی جانے والی بجلی کی قیمت اس بجلی سے بہت کم تھی جو وہ بعد میں گرڈ سے حاصل کرتے تھے۔
ان کے مطابق اگر ان ضوابط میں تبدیلی نہ کی جاتی تو دو سال بعد دیگر صارفین پر سالانہ 150 سے 200 ارب روپے تک کا اضافی بوجھ پڑ سکتا تھا۔
وفاقی وزیر توانائی نے اعتراف کیا کہ حکومت کو ابتدا میں سولر توانائی کے استعمال میں اضافے کی توقع نہیں تھی، تاہم ان کے مطابق اب اس رجحان کو حکومت کی دس سالہ منصوبہ بندی میں شامل کرلیا گیا ہے اور قومی گرڈ چھوڑنے والے صارفین کی تعداد میں اضافے کی رفتار بھی کم ہوئی ہے۔
مستقبل کے توانائی منصوبے
پاکستان نے شمسی توانائی کے شعبے میں مزید پیش رفت کے لیے ملک بھر میں سولر بیٹریوں کے کارخانے قائم کرنے اور الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی کے منصوبے بھی بنائے ہیں۔
رینیوایبلز فرسٹ سے وابستہ محمد حسن دجانا کے مطابق پاکستان کے سامنے مستقبل کے دو راستے ہیں۔ ایک راستہ ایسا ہے جہاں سولر توانائی اور قومی گرڈ ایک دوسرے کے ساتھ کام کریں اور توانائی کی بتدریج منتقلی کی کامیاب مثال بنیں، جبکہ دوسرا راستہ ملک کو ایک ایسی مثال بنا سکتا ہے جہاں مہنگا اور کمزور ہوتا ہوا قومی بجلی کا نظام مستقل بوجھ بن جائے۔
دوسری جانب پنجاب کے رہائشی فیصل شہزاد کے سولر توانائی سے متعلق منصوبے مزید آگے بڑھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے گھر کی چھت پر مزید 10 سے 15 سولر پینلز نصب کرنے اور انہیں بیٹریوں اور بیک اپ کے مکمل نظام سے منسلک کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ان کے مطابق ان کا حتمی مقصد بجلی کے معاملے میں مکمل طور پر خود کفیل ہونا ہے۔