پی ٹی آئی پاور شیئرنگ پر یقین نہیں رکھتی،تمام فیصلے عمران خان کی مشاورت سے ہوں گے،بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر کا عدلیہ سے انصاف یقینی بنانے اور سیاسی پولرائزیشن ختم کرنے پر زور

November 18, 2026 · قومی

پی ٹی آئی پاور شیئرنگ پر یقین نہیں رکھتی، تمام فیصلے عمران خان کی مشاورت سے ہوں گے،بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پاور شیئرنگ پر یقین نہیں رکھتی اور ملک و قوم کے بہترین مفاد میں تمام فیصلے باہمی مشاورت اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات کے مطابق کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ آج بھی ناحق اور بے گناہ جیل میں قید ہیں، جبکہ سیاسی پولرائزیشن کے موجودہ ماحول میں عدلیہ کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے۔

اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ عمران خان کے سیاسی حریفوں نے بھی بالآخر اس بات کا اعتراف کرلیا ہے کہ وہ ایک سیاسی قیدی ہیں اور ان کی اہلیہ بھی ناحق جیل میں ہیں۔ ان شاء اللہ دنیا دیکھے گی کہ سماعت کے دوران یہ حقیقت سامنے آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی پولرائزیشن کے اس دور میں چیف جسٹس صاحبان کی بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ انصاف فراہم کریں اور ایسا انصاف کریں جو ہوتا ہوا نظر بھی آئے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کو معلوم نہیں کہ بلاول بھٹو کی گزشتہ روز ہونے والی پریس کانفرنس کے مقاصد اور ارادے کیا تھے، تاہم اس بات پر خوشی ہے کہ بالآخر سب نے تسلیم کرلیا ہے کہ پی ٹی آئی اس ملک کی سب سے بڑی اسٹیک ہولڈر ہے اور اس کے بغیر کوئی بات آگے نہیں بڑھ سکتی۔

انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کی ہدایات کے مطابق پی ٹی آئی پاور شیئرنگ پر یقین نہیں رکھتی۔ گورنر راج اور دیگر سخت حالات کے باوجود پارٹی جو بھی فیصلہ کرے گی، وہ ملک اور قوم کے بہترین مفاد میں ہوگا۔ تاہم تمام فیصلے باہمی مشاورت اور عمران خان سے مشاورت کے بعد ان کی ہدایات کے مطابق کیے جائیں گے۔

صوبوں کے قیام اور وسائل کی تقسیم کے حوالے سے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ عوامی مسائل کے حل میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں، تاہم ان معاملات پر غیر ذمہ دارانہ بیانات نہیں دینے چاہییں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے آپشنز آج بھی موجود ہیں، لیکن جب تک مناسب وقت نہیں آتا، ان پر بات کرنا بے سود ہے۔ جب وقت آئے گا تو عمران خان سے مشاورت اور پارٹی کی باہمی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا اور جو بھی قدم اٹھایا جائے گا وہ ملک اور قوم کے مفاد میں ہوگا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بعض لوگ نظام کے بینیفشری بن جاتے ہیں، لیکن پی ٹی آئی نظام سے فائدہ اٹھانے والی جماعت نہیں بننا چاہتی۔ پارٹی نے اصولوں کی جنگ لڑی ہے۔

انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ عمران خان آج بھی ناحق اور بے گناہ جیل میں ہیں اور ان کی اہلیہ بھی ناحق قید ہیں۔ ان کی بہن نے بھی تاریخ رقم کی ہے۔