چین، روس، امریکہ کے صدور کا مشترکہ اعلامیہ، ایٹمی جنگ کی مخالفت، عالمی عدالت پر قدغن

آئی سی سی کے دائرہ اختیار کے استعمال پر تحفظات، پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور فراہمی بڑھانے پر بھی اتفاق

November 19, 2026 · بام دنیا

چین، روس، امریکہ کے صدور کا مشترکہ اعلامیہ، ایٹمی جنگ کی مخالفت، عالمی عدالت پر قدغن

چین، روس اور امریکہ نے سہ فریقی سربراہی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے، جس میں اسٹریٹجک استحکام، بین الاقوامی سلامتی، توانائی کے تحفظ اور جوہری ہتھیاروں سے متعلق اہم امور پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ، روسی صدر ولادیمیر پوتن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسٹریٹجک استحکام اور بین الاقوامی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

تینوں رہنماؤں نے توانائی کے تحفظ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور فراہمی بڑھانے کے منصوبوں پر اتفاق کیا۔

اعلامیے میں ریاستی عہدیداروں کو حاصل استثنیٰ کا معاملہ بھی شامل ہے۔ رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) اور اس نوعیت کے دیگر اداروں کو اپنے دائرہ اختیار کا ناجائز استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

جوہری امور پر تینوں رہنماؤں نے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ ’’جوہری جنگ جیتی نہیں جا سکتی اور اسے کبھی لڑا نہیں جانا چاہیے۔‘‘ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے باہمی مذاکرات کا عمل جاری ہے۔

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق سہ فریقی ملاقات کے آغاز میں چینی صدر شی جن پنگ نے جوہری ہتھیاروں کو ’’انسانیت کے سر پر لٹکتی ڈیموکلیز کی تلوار‘‘ قرار دیا تھا۔

شی جن پنگ نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کو مکمل طور پر ممنوع قرار دیا جانا چاہیے اور انہیں مکمل طور پر تباہ کر دینا چاہیے۔

واضح رہے کہ قدیم یونانی کہانی میں ڈیموکلیز کی تلوار کو بڑی طاقت یا دولت کے ساتھ جڑے مستقل خطرات کے استعارے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔