صحافی شاہد میتلا کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم

این سی سی آئی اے نے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست نہیں کی،راحب بلیدی ایڈووکیٹ

November 19, 2026 · اہم خبریں
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 کوئٹہ: ایک عدالت نے صحافی شاہد میتلا کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

شاہد میتلا کو سابق وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی شکایت پر نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے اسلام آباد سے گرفتار کرکے کوئٹہ منتقل کیا تھا۔

انھیں جمعرات کو جوڈیشل مجسٹریٹ نمبر سات کوئٹہ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ شاہد میتلا کی جانب سے راحب بلیدی ایڈووکیٹ، عزیر شاہوانی ایڈووکیٹ اور سجاد ابڑو ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

راحب بلیدی ایڈووکیٹ کے مطابق این سی سی آئی اے نے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست نہیں کی، جس پر عدالت نے شاہد میتلا کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم جاری کیا۔

ان کے بقول شاہد میتلا کی رہائی کے لیے ضمانت کی درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے، جس پر عدالت نے کل کے لیے فریقین کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔