بلاول بھٹو خون خرابے کے بیان پرمہاجرقوم سے معافی مانگیں ، آفاق احمد

مہاجر،سندھی تصادم کافائدہ تیسری قوت کو ہوگا، پریس کانفرنس

November 19, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی:مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے مہاجر قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ 29 نومبر کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور خاص طور پر علیحدگی پسندوں کی ریلی کے راستوں پر جانے سے پرہیز کریں۔

اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے آفاق احمد نے خبردار کیا کہ 29 نومبر کو کوشش کی جائے گی کہ کراچی میں خون بہے اور یہاں سے لاشیں اندرونِ سندھ جائیں تاکہ سندھی مہاجر تصادم کی فضا پیدا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ان لاشوں کو بنیاد بنا کر اندرونِ سندھ میں آپریشن کیا جا سکے گا، جس کا فائدہ نہ سندھی قوم کو ہوگا اور نہ ہی مہاجر قوم کو، بلکہ اس سے صرف “تیسری قوت” فائدہ اٹھائے گی۔

چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بلاول بھٹو اپنے بیان پر مہاجروں سے معافی مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو مہاجروں کو دھمکا رہے تھے تو یاد رکھیں کہ ہم گوہر ایوب اور ممتاز بھٹو کے ادوار بھی دیکھ چکے ہیں، لیکن ہماری قوم طاقت سے مرعوب ہونے والی نہیں ہے۔

آفاق احمد نے مزید کہا کہ اگر کوئی کراچی میں طاقت کا مظاہرہ کرنا چاہتا ہے تو شوق سے کرے، قادر مگسی جیسے لوگوں کی یہ حیثیت نہیں کہ ان پر بات بھی کی جائے، لیکن اگر کسی نے مہاجروں کی جان و مال، املاک اور آبرو کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو مہاجر قوم یہ بھول جائے گی کہ ان کا تعلق الطاف حسین، خالد مقبول صدیقی یا آفاق احمد سے ہے؛ سب مہاجر ہونے کے ناطے کمر سے کمر ملا کر بھرپور جواب دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ لڑائی کی خواہش نہیں رکھتے، لیکن اگر کسی نے لڑائی مسلط کی تو انہوں نے اپنی قوم کو کبھی دفاع کے حق سے محروم نہیں رکھا۔

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بات کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ صوبوں کے لیے ریفرنڈم کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نئے صوبوں کے مخالف نہیں، تاہم آج جو لوگ صوبے کے لیے شور مچا رہے ہیں وہ کل تک اس کے مخالف تھے اور محسن نقوی کے بیان کے بعد سے کراچی صوبے کا نعرہ لگا رہے ہیں۔ آفاق احمد نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ ہم صرف “کراچی صوبے” کے حق میں نہیں ہیں، ہم صوبہ ضرور بنائیں گے لیکن یہ صوبہ پورے “شہری سندھ” پر مبنی ہونا چاہیے، کیونکہ وہ اپنی قوم کو تیسری مرتبہ تقسیم نہیں کرنا چاہتے۔