لاہور: تعلیمی اداروں کے باہرسی سی ڈی کی چیک پوائنٹس قائم، طلبا کے بیگز میں سگریٹ کی تلاش
مختلف اسکولوں اور تعلیمی اداروں کے باہر خصوصی چیک پوائنٹس قائم
فائل فوٹو
لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں طلبا کے درمیان تمباکو نوشی اور ای سگریٹ (Vapes) کے بڑھتے ہوئے رجحان کی روک تھام کے لیے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے شہر کے مختلف اسکولوں اور تعلیمی اداروں کے باہر خصوصی چیک پوائنٹس قائم کر دیے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سی سی ڈی اہلکاروں کی جانب سے تعلیمی اداروں میں آنے والے طلبا کے اسکول بیگز کی اچانک تلاشی لی جا رہی ہے تاکہ سگریٹ، ویپ ڈیوائسز اور دیگر ممنوعہ تمباکو مصنوعات کی برآمدگی و ضبطی کو یقینی بنایا جا سکے۔
لاہور میں اسکولوں کے باہر چیک پوائنٹ بن گئے، CCD کو اسکول بیگ میں سگریٹ اور vapes کی تلاش pic.twitter.com/o4yhBf2PkF
— Ahmad Warraich (@ahmadwaraichh) November 20, 2026
واضح رہے کہ لاہور پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ چند روز سے تعلیمی اداروں کے گردونواح اور شہر بھر میں ویپس اور شیشہ فلیورز کی غیر قانونی فروخت اور نوجوانوں میں ان کے استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کے احاطے اور اس کے اطراف میں تمباکو اور نکوٹین مصنوعات کے استعمال اور فروخت پر سخت پابندی عائد ہے، اس اقدام کا مقصد کم عمر طلبا کو نشہ آور اشیاء سے محفوظ رکھنا ہے۔