پنجاب سے آئی پولیس پارٹی پرکراچی میں فائرنگ ، ایک شخص ہلاک ، اے ایس آئی زخمی

ہلاک شخص کی شناخت 35 سالہ حمزہ ، زخمی کی شناخت 35 سالہ اصغر کے نام سے ہوئی جو پنجاب پولیس کا اے ایس آئی ہے

November 20, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: سائٹ سپر ہائی وے میں قائم خادم سولنگی گوٹھ میں ملزم کی گرفتاری کیلیے آئی پنجاب پولیس کی ٹیم پر فائرنگ ہوئی جس میں ایک شخص ہلاک ہو گیا جبکہ اے ایس آئی زخمی ہوا۔

خادم سولنگی گوٹھ میں پنجاب کے شہر ملتان سے آئی پولیس کی پارٹی پر چھاپے کے دوران ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس میں 1 شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا۔

واقعے کے بعد امدادی رضاکار موقع پر پہنچے لاش اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا۔ حکام کے مطابق فائرنگ سے پنجاب پولیس کے اے ایس آئی شدید زخمی ہوئے، پولیس حکام کے مطابق  ملتان پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے پہنچی تھی۔

ریسکیو حکام کے مطابق ہلاک شخص کی شناخت 35 سالہ حمزہ جبکہ زخمی کی شناخت 35 سالہ اصغر کے نام سے ہوئی جو پنجاب پولیس کا اے ایس آئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق پنجاب پولیس کے اے ایس آئی اصغر کو ٹانگ میں گولی لگی اور حالت خطرے سے باہر ہے۔ زخمی پولیس افسر کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔