کوہستان میں دو قبائل کے درمیان تصادم،6 افراد جاں بحق

جاں بحق ہونے والوں میں سواتی گلال قوم کے 3 جبکہ کلوچ قوم کے بھی 3 افراد شامل ہیں۔

November 21, 2026 · قومی
کوہستان میں دو قبائل کے درمیان تصادم،6 افراد جاں بحق

کوہستان میں دو قبائل کے درمیان تصادم،6 افراد جاں بحق

بٹگرام اور کوہستان کے پہاڑی علاقے آلائی بلیجہ میں مبینہ زمینی تنازع ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کر گیا، جہاں دو فریقین کے درمیان رات بھر بھاری اسلحے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں
مقامی ذرائع کے مطابق یہ دیرینہ تنازع سواتی گلال اور کلوچ قبائل کے درمیان چلا آ رہا ہے۔ تازہ تصادم میں دونوں جانب سے فائرنگ کی اطلاعات ہیں، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق سواتی گلال قوم کے 3 اور کلوچ قوم کے 3 افراد بھی متاثرین میں شامل ہیں۔ دونوں فریقین کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رات بھر جاری رہنے والی فائرنگ کے بعد دونوں جانب سے شہریوں کی بڑی تعداد بھاری اسلحے سمیت متنازع علاقے میں پہنچ گئی، جس سے صورتحال مزید سنگین ہونے اور مزید جانی نقصان کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ علاقے میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے جبکہ مقامی آبادی شدید اضطراب کا شکار ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس دیرینہ زمینی تنازع کو حل کرنے کے لیے ماضی میں کمشنر ہزارہ ڈویژن کے دفتر میں متعدد ملاقاتیں اور جرگے منعقد کیے جا چکے ہیں۔ دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کے ذریعے تنازع ختم کرنے کی کئی کوششیں بھی ہوئیں، تاہم تاحال کوئی مستقل اور قابلِ قبول حل سامنے نہیں آ سکا۔

مقامی ذرائع کے مطابق اس تنازع کے باعث ماضی میں بھی متعدد قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، لیکن مسلسل جرگوں اور مذاکرات کے باوجود فریقین کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور اب ایک مرتبہ پھر صورتحال مسلح تصادم تک پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب بٹگرام اور کوہستان کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے واقعے، فائرنگ اور جانی نقصان کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

عوامی اور سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا، کمشنر ہزارہ ڈویژن، دونوں اضلاع کی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متنازع علاقے میں اضافی پولیس نفری تعینات کرکے بھاری اسلحے کی موجودگی اور فائرنگ کا سلسلہ روکا جائے، جبکہ دونوں قبائل کے درمیان مؤثر مذاکرات کے ذریعے دیرپا تصفیہ یقینی بنایا جائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔