بیرون ملک سے واپسی،مولانا فضل الرحمٰن کے چھوٹے بھائی کو کراچی ائرپورٹ پر روک لیا گیا
سعودی عرب سے واپسی، وزارت داخلہ کا حکم طلب کیا گیا، کچھ دیر بعد روانگی کی اجازت مل گئی
مولانا فضل الرحمٰن کے چھوٹے بھائی ضیاء الرحمٰن کو کراچی ائرپورٹ پر روک لیا گیا
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے چھوٹے بھائی ضیاء الرحمٰن کو کراچی ائرپورٹ پر امیگریشن حکام نے بیرون ملک سے واپسی پر روک لیا۔ ذرائع کے مطابق ضیاء الرحمٰن رات گئے سعودی عرب سے پرواز کے ذریعے کراچی پہنچے تھے، جہاں وہ جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری راشد محمود سومرو کے ہمراہ تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راشد محمود سومرو ائرپورٹ کے انٹرنیشنل آرائیول لاؤنج کے باہر درجنوں کارکنان کے ساتھ ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ ائرپورٹ پر تعینات امیگریشن حکام نے ضیاء الرحمٰن کو روکنے کے بعد فوری طور پر وزارت داخلہ کو بذریعہ ای میل اس صورتحال سے آگاہ کیا۔ حکام نے اس ضمن میں اسلام آباد سے باضابطہ جواب طلب کیا تھا۔
امیگریشن ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اسلام آباد سے متعلقہ حکام کی جانب سے گرین سگنل اور جواب موصول ہونے کے بعد ضیاء الرحمٰن کو ائرپورٹ سے باہر جانے کی اجازت دے دی گئی، جس کے بعد وہ خیریت سے اپنے منزل مقصود کی طرف روانہ ہو گئے۔