لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست، مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 267 ریکارڈ
شدید اسموگ کا راج، مختلف مقامات پر شرح خطرناک سطح پر برقرار۔
لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست، مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 267 ریکارڈ
لاہور دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے جہاں اسموگ اور فضائی آلودگی کی شرح خطرناک حد تک بلند ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 267 تک جاپہنچا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں آلودگی کی یہ شرح اس سے بھی کہیں زیادہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق شہر کے بعض مخصوص مقامات پر فضا انتہائی زہریلی ہوچکی ہے۔ سی ای آر پی آفس کے قریب فضائی آلودگی کی شرح 396 ریکارڈ کی گئی جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن میں اے کیو آئی 340 تک جاپہنچا۔ اس کے علاوہ برکی روڈ اور پیراگون سوسائٹی میں آلودگی کی شرح 330، اے آر ایم میں 308، ماڈل ٹاؤن اے بلاک میں 270 اور بیدیاں روڈ پر 263 ریکارڈ کی گئی۔ اے آر سی میں فضائی آلودگی 244 اور ڈی ایچ اے فیز 5 میں 242 رہی جبکہ عسکری 10 میں اے کیو آئی 186 اور برکی روڈ کے ایک دوسرے مقام پر 166 ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے جنوب مشرقی سمت سے آنے والی آلودہ ہوائیں لاہور میں اسموگ میں اضافے کی بڑی وجہ ہیں جبکہ ہوا کی رفتار 5 سے 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
فضائی آلودگی کے اس خطرناک بحران سے نمٹنے کے لیے حکومتی سطح پر کارروائیاں بھی تیز کردی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر میں دھواں چھوڑنے والے صنعتی یونٹس، اینٹوں کے بھٹوں، پلاسٹک جلانے اور کمرشل ککنگ پوائنٹس کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ سرکاری حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 263 صنعتی یونٹس کی انسپیکشن کی گئی جن میں سے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 2 یونٹس سیل کردیے گئے، ایک صنعتی یونٹ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 4 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
محکمہ صحت اور ماحولیاتی تحفظ کے حکام نے شہریوں بالخصوص بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی سخت ہدایت کی ہے۔ باہر جاتے وقت ماسک کا لازمی استعمال کرنے کی تلقین کی گئی ہے تاکہ زہریلی فضا کے مضر اثرات سے بچا جاسکے۔ دوسری جانب کراچی میں موسم خشک اور راتیں خنک رہنے کا سلسلہ جاری ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 16.6 ڈگری سینٹی گریড ریکارڈ کیا گیا ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 41 فیصد ہے۔