سی ای او کو نکالنے کے بعد اینویڈیا کو پہلا بڑا جھٹکا،بڑا معاہدہ منسوخ

مون شاٹ اے آئی اب یورپ میں ڈیٹا سینٹرز چلانے والی کمپنیوں سے جدید چِپس کرائے پر حاصل کرنے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے

November 21, 2026 · امت خاص
سی ای او کو نکالنے کے بعد اینویڈیا کو پہلا بڑا جھٹکا،بڑا معاہدہ منسوخ

سی ای او کو نکالنے کے بعد اینویڈیا کو پہلا بڑا جھٹکا،بڑا معاہدہ منسوخ

چین کی مصنوعی ذہانت تیار کرنے والی کمپنی مون شاٹ اے آئی نے انڈونیشیا کے ڈیٹا سینٹرز میں امریکی کمپنی نیوڈیا کی جدید کمپیوٹر چِپس استعمال کرنے کا ڈیڑھ سو ملین ڈالر کا معاہدہ منسوخ کردیا ہے۔ یہ فیصلہ امریکی حکومت کی جانب سے چینی کمپنیوں کے لیے بیرون ملک جدید چِپس تک رسائی محدود کرنے کے نئے ضوابط جاری کیے جانے کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ تجارت نے 16 نومبر کو نیا ضابطہ جاری کیا، جس کے تحت ایسے ڈیٹا سینٹرز کو جدید امریکی چِپس کی فراہمی کے لیے خصوصی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا جو چین یا دیگر پابندیوں کی زد میں آنے والے ممالک کے صارفین کو کمپیوٹنگ کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔

اس سے قبل چینی مصنوعی ذہانت کی کمپنیاں براہِ راست جدید امریکی چِپس خریدنے کے بجائے تھائی لینڈ، ملائیشیا اور انڈونیشیا جیسے ممالک کے ڈیٹا سینٹرز سے انہیں کرائے پر حاصل کرتی تھیں۔ اس طریقے کے ذریعے وہ فی گھنٹہ ادائیگی کرکے جدید چِپس کی کمپیوٹنگ صلاحیت استعمال کرتی تھیں۔

امریکی نئے ضوابط کے تحت انڈونیشیا، ملائیشیا، سنگاپور، تھائی لینڈ اور برازیل کو بھی جدید چِپس کی ترسیل کے لیے خصوصی اجازت نامے کی شرائط میں شامل کیا گیا ہے۔ امریکی حکام کا مؤقف ہے کہ ان ممالک کے ذریعے چِپس کی غیر مجاز منتقلی کا خطرہ معمول سے زیادہ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مون شاٹ اے آئی اب یورپ میں ڈیٹا سینٹرز چلانے والی کمپنیوں سے جدید چِپس کرائے پر حاصل کرنے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس سے قبل کمپنی نے تھائی لینڈ کے ایک ڈیٹا سینٹر کے ذریعے نیوڈیا کی جدید بلیک ویل چِپس استعمال کی تھیں۔

ماہرین کے مطابق نئے امریکی ضوابط کے باوجود چینی مصنوعی ذہانت کی کمپنیاں مختلف ڈیٹا سینٹرز کے ذریعے اپنی کمپیوٹنگ ضروریات پوری کرنے کے متبادل راستے تلاش کرسکتی ہیں۔ تاہم اس کے لیے اخراجات میں اضافہ اور قانونی پیچیدگیاں پیدا ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ مون شاٹ اے آئی کا تیار کردہ مصنوعی ذہانت کا نظام ’کیمی کے تھری‘ رواں سال جولائی میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اس کی غیر معمولی مقبولیت کے باعث کمپنی کو صارفین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر نئی رجسٹریشن عارضی طور پر روکنا پڑی تھی۔