چینی برآمد کرنے کی مشکوک اجازت۔ صحافی نے انکشافات کر دیئے
متعلقہ وزارتوں میں سمری گردش نہیں کرائی گئی۔
چینی برآمد کرنے کی مشکوک اجازت صحافی نے انکشافات کر دیئے
وفاقی حکومت نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں مزید 4 لاکھ 16 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی ۔ اس فیصلے کے بعد موجودہ سیزن کی مجموعی برآمدی اجازت 7 لاکھ 24 ہزار میٹرک ٹن ہو گئی ہے۔ یہ گزشتہ چار ماہ میں چینی کی برآمد کی تیسری منظوری ہے۔
قومی غذائی تحفظ کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے تصدیق کی کہ گنے کی کرشنگ کا سیزن شروع ہونے والا ہے اور ملک میں چینی کی کوئی قلت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذخائر کافی ہیں اور یہ اقدام کسانوں کے مفاد میں ضروری ہے۔ تاہم، یہ فیصلہ کئی اہم پہلوؤں کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بن گیا ہے۔
نمایاں اعتراضات یہ ہیں کہ متعلقہ وزارتوں میں سمری گردش نہیں کرائی گئی۔ای سی سی کے ایجنڈے پر یہ معاملہ جان بوجھ کر نہیں رکھا گیا۔سرکاری پریس ریلیز میں بھی اس فیصلے کا کوئی ذکر نہیں۔
اس سے قبل اگست میں ایک لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن درآمد شدہ چینی اور ستمبر میں 2 لاکھ میٹرک ٹن مقامی تیار کردہ چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ صنعتی ذرائع کے مطابق اصل میں 6 لاکھ ٹن برآمد کرنے کا فیصلہ کئی ماہ پہلے اصولی طور پر ہو چکا تھا، لیکن ردعمل سے بچنے کے لیے اسے دو مراحل میں عمل میں لایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملات پہلے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سطح پر طے کیے گئے۔ اس کے بعد سمری ای سی سی میں اضافی ایجنڈا آئٹم کے طور پر پیش کی گئی۔ سمری باقاعدہ ایجنڈے میں شامل نہیں تھی اور متعلقہ وزارتوں کو اس کی نقل بھی نہیں دی گئی۔ سرکاری پریس ریلیز میں بھی اس فیصلے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اجلاس میں چینی کے شعبے کی ڈی ریگولیشن پر زور دیا۔ تاہم کمیٹی نے موجودہ ریگولیٹڈ نظام کے تحت ہی برآمد کی منظوری دے دی۔
آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ چینی کی درآمد اور برآمد میں حکومتی کردار مکمل طور پر ختم کر دیا جائے۔ سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال کے مطابق ایک صوبے کے انکار کے باعث یہ شرط ابھی تک پوری نہیں ہو سکی۔
یہ منظوری ایسے وقت دی گئی ہے جب آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ پاکستان کی اگلی قسط اور متعلقہ درخواستوں پر غور کرنے والا ہے۔
اقتصادی ماہرین نے اس طریقہ کار پر سوال اٹھائے ہیں۔معاشی تجزیہ کار اور صحافی شہباز رانا نے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ اگر حکومت اپنے فیصلے کو درست سمجھتی تو اسے باقاعدہ ایجنڈے پر رکھتی، متعلقہ وزارتوں میں گردش کراتی اور پریس ریلیز میں اعلان کرتی۔ ان کے مطابق آئی ایم ایف کا موجودہ پروگرام صرف ان شعبوں میں موثر رہا جہاں بااثر طبقات متاثر نہیں ہوئے، مونوپولی توڑنے میں کامیابی نہیں ملی اور حکومت نے اس کا فائدہ اٹھایا۔
ناقدین کا خیال ہے کہ اس طرح کے خفیہ فیصلے شفافیت کے خلاف ہیں اور ماضی میں چینی کی برآمدات کے بعد قیمتوں میں اضافے کے واقعات بھی دیکھے جا چکے ہیں۔
حکومت کا موقف یہ ہے کہ ملک میں چینی کی فراہمی یقینی ہے اور برآمد سے کسانوں کو بہتر قیمت ملے گی۔