محمد رضوان کو سینٹرل کنٹریکٹ نہ ملنے کی اصل وجہ سامنے آگئی

پی سی بی نے 38 کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا، مختلف فارمیٹس کے لیے الگ کیٹیگریز

November 21, 2026 · اسپورٹس

محمد رضوان کو سینٹرل کنٹریکٹ نہ ملنے کی اصل وجہ سامنے آگئی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قومی کرکٹر محمد رضوان کو سینٹرل کنٹریکٹ نہ دینے کی وجہ سامنے آگئی، جبکہ اوپنر صائم ایوب بھی سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 38 کھلاڑیوں کے لیے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کیا ہے۔ چیف سلیکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ محمد رضوان کی پاکستان کے لیے خدمات ہیں، جیسے ہی صورت حال بنے گی انہیں سلیکٹ کریں گے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ بابر اعظم اور سلمان آغا ٹی ٹوئنٹی سے باہر نہیں ہوئے، جبکہ ٹیم سلیکشن کا سینٹرل کنٹریکٹ سے کوئی تعلق نہیں۔ جو بھی کھلاڑی پرفارم کرے گا وہ کسی بھی فارمیٹ میں کھیل سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فارمیٹ کے مطابق کنٹریکٹس اس لیے بنائے گئے ہیں تاکہ کھلاڑیوں کو اپنے فارمیٹ پر توجہ دینے کا موقع ملے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق کھلاڑیوں کو ٹیسٹ، ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور ڈیویلپمنٹ سمیت مختلف کیٹیگریز میں شامل کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بابر اعظم اور سلمان علی آغا کو ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹ کے کنٹریکٹس دیے گئے ہیں، جبکہ ٹیسٹ کیٹیگری میں اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل شامل ہیں۔

ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے معاہدوں میں ابرار احمد، فخر زمان، فہیم اشرف، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور عرفات منہاس شامل ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیٹیگری میں حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان اور عثمان طارق کو شامل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ مستقبل کے کھلاڑیوں کی تیاری کے لیے ڈیویلپمنٹ کیٹیگری میں 19 کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے، جن میں عبدالصمد، عبداللہ فضل، احمد دانیال، علی رضا، فرحان یوسف، حنین شاہ، محمد طحہٰ، محمد طیب عارف، محمد غازی غوری، محمد عمران رندھاوا، رضا اللہ، سعد بیگ، سعد مسعود، سمیر منہاس، شاہ زیب خان، شامل حسین، سفیان مقیم اور عبید شاہ شامل ہیں۔