پنجاب میں اسموگ کا راج برقرار، لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار

فضا انتہائی مضر صحت، ایئر کوالٹی انڈیکس 500 سے تجاوز کر گیا، محکمہ موسمیات نے بارش نہ ہونے کی پیشگوئی کردی۔

November 22, 2026 · ماحولیاتی تغیر
پنجاب میں اسموگ کا راج برقرار، لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار

پنجاب میں اسموگ کا راج برقرار، لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد یہ شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں مسلسل پہلے نمبر پر برقرار ہے۔ محکمہ تحفظ ماحول اور موسمیاتی رپورٹ کے مطابق شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 500 سے تجاوز کر گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں اسموگ کی شدت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ گلبرگ ٹو کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر رہا جہاں فضائی آلودگی کا انڈیکس انتہائی تشویشناک سطح 920 تک جا پہنچا۔ اس کے علاوہ علامہ اقبال ٹاؤن میں اے کیو آئی 700 جبکہ عسکری 10 میں 275 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

صوبے کے دیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال ابتر ہے۔ بہاولپور کا اے کیو آئی 525، گوجرانوالہ میں 435 اور فیصل آباد کا ایئر کوالٹی انڈیکس 415 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا۔ مزید برآں سرگودھا میں آلودگی کی شرح 404 اور ملتان میں 274 پارٹیکولیٹ میٹرز تک پہنچ گئی۔

محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ بارش اور تیز ہوائیں نہ چلنے کے باعث فضائی آلودگی میں کمی کے امکانات فی الحال معدوم ہیں۔ موسم خشک رہنے اور ہوا کی رفتار کم ہونے کی وجہ سے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ کی یہ سنگین صورتحال برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔

اس صورتحال کے پیش نظر قومی ادارہ صحت (NIH) نے شہریوں کی صحت کے حوالے سے متعدی بیماریوں میں اضافے کا باضابطہ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق موجودہ موسمی حالات کے باعث موسمی فلو، سانس کی بیماریوں اور دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے، اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔