قطر اور جرمنی کا ایران سے حوثیوں کی حمایت ختم کرنے کا مطالبہ
سفارتی دباؤ میں اضافہ، تجارتی جہازوں پر حملوں کی مذمت، ثالثی کی کوششیں جاری۔
قطر اور جرمنی کا ایران سے حوثیوں کی حمایت ختم کرنے کا مطالبہ
قطر اور جرمنی نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یمن میں حوثیوں کی عسکری و مالی حمایت فوری طور پر بند کرے اور اپنے جوہری پروگرام میں مکمل شفافیت کو یقینی بنائے۔ یہ مشترکہ مؤقف قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے 20 اور 21 نومبر کو جرمنی کے سرکاری دورے کے دوران جاری ہونے والے اعلامیے میں سامنے آیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے خلیجی خطے اور عالمی تجارت کے لیے اہم تجارتی گزرگاہوں پر بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ جاری کردہ بیان کے مطابق، قطر اور جرمنی نے تجارتی جہازوں کے خلاف ایران کے حملوں اور دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایسا کوئی بھی اقدام ناقابل قبول ہے جو آبنائے ہرمز کی بندش یا بین الاقوامی جہاز رانی کی آزادی میں رکاوٹ کا باعث بنے۔
اعلامیے میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ ایران کو کسی بھی صورت میں جوہری ہتھیار تیار کرنے یا حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے، جبکہ خطے میں بیلسٹک میزائلوں کے استعمال سے پیدا ہونے والے سکیورٹی خطرات کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ یہ سفارتی پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب قطر خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ایران و امریکہ کے درمیان جاری تنازع کے حل کے لیے بطور ثالث کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
دوسری جانب، بین الاقوامی سطح پر ایران کے جوہری پروگرام اور معاشی پابندیوں کے حوالے سے سیاسی بیانات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ ایک ایسا پائیدار اور مستقل معاہدہ چاہتے ہیں جسے آئندہ آنے والے امریکی صدور بھی تبدیل نہ کر سکیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں معاہدے کیے گئے لیکن ایران نے مبینہ طور پر ان کی پاسداری نہیں کی۔ صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ کسی بھی نئے معاہدے میں اس بات کی مکمل ضمانت ہونی چاہیے کہ تہران جوہری ہتھیاروں کے حصول سے باز رہے۔
ادھر تہران میں کاروباری شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دوٹوک انداز میں کہا کہ دشمن یہ خواب دیکھنا چھوڑ دے کہ وہ ایران کو جھکا سکتا ہے، کیونکہ ایرانی عوام اور مسلح افواج نے ہر سازش کو ناکام بنایا ہے۔ ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت معاشی چیلنجز کا سامنا ضرور ہے، تاہم تاجروں اور صنعت کاروں نے مارکیٹ کو سنبھال کر دشمن کی معاشی جنگ کو ناکام بنا دیا ہے۔ دریں اثنا، ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثوں کے ذریعے سفارتی پیغامات کے تبادلے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔