سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بندش،مشتعل کانگریس کارکنوں کا میٹا دفاتر پر دھاوا
سخت احتجاج اور توڑ پھوڑ، پولیس نے درجنوں کارکن حراست میں لے لیے، کشیدگی برقرار
ممبئی میں میٹا کے دفتر کے باہر کانگریس یوتھ ونگ کا احتجاج اور توڑ پھوڑ کا منظر।
ممبئی: بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس کے مشتعل کارکنوں نے سوشل میڈیا کمپنی میٹا کے دفاتر پر دھاوا بول کر شدید توڑ پھوڑ کی ہے۔ ممبئی، حیدر آباد اور گروگرام میں یوتھ کانگریس کے احتجاج کے دوران مظاہرین نے دفاتر میں داخل ہو کر گملے توڑ ڈالے اور ہنگامہ آرائی کی۔
روئٹرز اور بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگریس کے رہنماؤں اور کارکنوں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بند کیے جانے پر یہ ہنگامہ برپا ہوا۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ میٹا اختلاف رائے کو دبانے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کی حمایت کرنے میں مصروف ہے۔ دوسری جانب میٹا کا مؤقف ہے کہ وہ مقامی قوانین کی پابندی کے لیے مواد پر پابندیاں عائد کرتی ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے یوتھ کانگریس کے تقریباً 20 کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ ہفتے کے روز یوتھ کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ احتجاج کے بعد 2 اکاؤنٹس بحال کر دیے گئے ہیں، تاہم حکومت پر تنقید کرنے والے صحافیوں اور انفلوئنسرز کے ہزاروں اکاؤنٹس اب بھی محدود ہیں۔
میٹا کی جاری کردہ رپورٹس کے مطابق بھارت اس کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے، جہاں سال 2026 کی پہلی ششماہی میں 54 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس یا مواد محدود کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فروری میں بھارتی حکومت نے سوشل میڈیا کمپنیوں کو غیر قانونی مواد کی اطلاع ملنے کے صرف 3 گھنٹے کے اندر اسے ہٹانے کا سخت حکم جاری کیا تھا، جس سے آن لائن آزادی اظہار کے حوالے سے خدشات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔