آزاد کشمیر کے علاقے پلندری میں پولیس پر فائرنگ سے 2 اہلکار زخمی ہوگئے
جھنڈا بگلہ بازار میں ہنگامہ آرائی، پولیس کی کارروائی کے دوران مسلح افراد نے فائرنگ کی
آزاد کشمیر کے علاقے پلندری میں پولیس پر فائرنگ سے 2 اہلکار زخمی ہوگئے
آزاد جموں و کشمیر کے ضلع سدھنوتی کی تحصیل پلندری میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب علاقے میں زبردستی دکانیں بند کرائی جا رہی تھیں اور خوف و ہراس پھیلایا جا رہا تھا۔
ڈی آئی جی پولیس پونچھ ریجن راولاکوٹ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جھنڈا بگلہ بازار میں چند افراد احتجاجی کال کے حق میں اعلانات اور ہوائی فائرنگ کر رہے تھے۔ ملزمان مقامی افراد کو 22 نومبر کے احتجاج کے لیے اکسانے کے ساتھ ساتھ زبردستی کاروبار بند کرانے کی کوششوں میں مصروف تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر جب نفری نے بازار میں کارروائی کی تو وہاں موجود مسلح افراد نے براہ راست پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ اس اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل ذاکر کی دائیں ٹانگ جبکہ کانسٹیبل محمد ارباب کی بائیں ٹانگ پر گولیاں لگیں، جس سے دونوں اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کے بعد پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس نے ملوث تمام ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت ترین سزا دلوانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔