موسمیاتی تبدیلی تاریخی ورثے کیلئے خطرہ ہے،مصدق ملک
عالمی چیلنجز، باہمی مکالمے کی دعوت، مشترکہ نیٹ ورک کی تجویز
موسمیاتی تبدیلی تاریخی ورثے کیلئے خطرہ ہے، مصدق ملک کی ایس سی او اجلاس میں شرکت
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے تہذیبی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی ہماری تہذیب اور تاریخی ورثے کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے۔
سرکاری ذرائع اور تقریب کے بیانات کے مطابق، وفاقی وزیر نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے بھارت سمیت ایس سی او کے تمام رکن ممالک کو باہمی مکالمے اور تعاون کی دعوت دی اور علاقائی روابط کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی مکالمہ مختلف نظریات اور ثقافتوں کے حامل افراد اور قوموں کے درمیان ہی ممکن ہوتا ہے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس آفت کے نتیجے میں پاکستان میں تقریباً 1700 افراد جاں بحق ہوئے اور سندھ کا بیشتر حصہ سیلابی پانی میں ڈوب گیا تھا۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ اگست 2022 کے دوران لاڑکانہ میں موہنجودڑو کے کھنڈرات پر ریکارڈ بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں ساڑھے 4 ہزار سال قدیم موہنجو دڑو کی کئی دیواریں گر گئیں۔
وفاقی وزیر نے پاکستان کے تاریخی اور تہذیبی پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہاں کی سرزمین وادی سندھ اور گندھارا کی قدیم تہذیبوں کا مرکز رہی ہے، جبکہ ثقافتی روابط فارس اور عرب سے لے کر بخارا اور سمرقند تک پھیلے ہوئے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے ثقافتی اثاثوں کے تحفظ کے لیے ایس سی او کے تحت ایک مشترکہ نیٹ ورک اور ڈیجیٹل لائبریری کے قیام کی تجویز بھی پیش کی۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر نے اس اہم اجلاس میں اردو زبان میں خطاب کیا اور اپنے خطاب کے دوران اردو ادب کے عظیم شعرا مرزا غالب اور علامہ محمد اقبال کا حوالہ بھی دیا۔