وزیراعظم شہباز شریف کا خیبرپختونخوا کیلئے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان
بڑے ترقیاتی منصوبے، ابتدائی طور پر 10 ارب روپے جاری، نفاذ کا عمل شروع۔
وزیراعظم شہباز شریف کا خیبرپختونخوا کیلئے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خیبرپختونخوا کے عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی کے لیے 160 ارب روپے کے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت ابتدائی طور پر 10 ارب روپے صوبائی حکومت کو جاری کر دیے گئے ہیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق اس جامع پیکج کے تحت خیبرپختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع کے لیے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ صوبے کے دیگر 25 اضلاع کے لیے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ان 12 مخصوص اضلاع میں مجموعی طور پر 430 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا، جن میں 7 خصوصی منصوبوں پر 19 ارب 27 کروڑ روپے خرچ ہوں گے جبکہ 423 دیگر منصوبوں کے لیے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان علاقوں میں 100 روزہ اور 180 روزہ ترقیاتی منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔
دستاویزات کے مطابق امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے 62 منصوبوں پر 39 ارب 19 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، جن میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ صحت کے شعبے کے 41 منصوبوں کے لیے 3 ارب 20 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، جبکہ تعلیم کے شعبے میں 72 منصوبوں پر 12 ارب 90 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
تعلیمی ترقی کے اس سفر میں باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 جدید دانش اسکول قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 70 اسکولوں کی مرمت اور اپ گریڈیشن کی جائے گی جبکہ 409 اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔ مواصلاتی رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے مخصوص اضلاع میں سڑکوں کی بہتری کے 32 منصوبوں کے لیے 12 ارب 70 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں اہم ترین ٹل پاراچنار روڈ اور گومل زام ڈیم کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے سلسلے میں 88 مقامات پر پانی کی فراہمی کی اسکیموں کو سولرائز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ زرعی شعبے کی ترقی کے لیے بھی خصوصی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، جن کے تحت صوبے کے 100 طلبہ کو اعلیٰ زرعی تعلیم کے حصول کے لیے چین میں اسکالرشپس دی جائیں گی۔ دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بقیہ 25 اضلاع میں بھی مجموعی طور پر 219 ترقیاتی منصوبوں پر کام کا آغاز کیا جائے گا۔