ڈھائی سال سے صبر کر رہا ہوں، جس دن وزیر کے خلاف منہ کھولا وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا،محسن نقوی

غیر رسمی گفتگو، ڈھائی سال سے صبر کر رہا ہوں، ٹیکس دہندگان پر تنقید ناقابل برداشت ہے،وفاقی وزیر داخلہ

November 22, 2026 · قومی
ڈھائی سال سے صبر کر رہا ہوں، جس دن وزیر کے خلاف منہ کھولا وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا،محسن نقوی

ڈھائی سال سے صبر کر رہا ہوں، جس دن وزیر کے خلاف منہ کھولا وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا،محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک غیر رسمی گفتگو کے دوران خبردار کیا ہے کہ ایک وزیر آج کل روزانہ ٹی وی پر آنے کے لیے ان پر تبصرے کر رہا ہے، لیکن جس دن انہوں نے اس وزیر کے خلاف منہ کھول دیا، وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ گزشتہ ڈھائی سال سے اس وزیر کے تمام تبصرے انتہائی صبر کے ساتھ سن رہے ہیں۔

محسن نقوی نے کاروباری شخصیات پر تنقید کرنے والوں کوڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جن بزنس مینوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، وہ پاکستان کے معزز شہری ہیں اور وفاق سمیت مختلف شہروں کے چیمبرز آف کامرس کے صدور اور عہدیدار رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کاروباری حضرات ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں میں شامل ہیں، اور اگر یہ اتنے ہی برے ہیں تو ہر الیکشن میں ان سے پارٹی فنڈ کے نام پر اربوں روپے کیوں وصول کیے جاتے ہیں؟

دریں اثنا، وفاقی وزیر داخلہ نے لاہور کے پیکو روڈ پر نادرا سینٹر کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے تقریباً 2 گھنٹے گزارے۔ دورے کے دوران انہوں نے شہریوں کی شکایات سنیں اور مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ انہوں نے بزرگ خواتین کے شناختی کارڈز کے اجرا میں حائل رکاوٹوں کو فی الفور دور کرنے کی ہدایت دی اور بعض شہریوں کی دستاویزات کی تیاری کا عمل اپنے سامنے مکمل کرایا۔

موقع پر موجود سائلین نے نادرا کے موجودہ طریقہ کار پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ شہریوں نے بتایا کہ انہیں محض 10 سے 15 منٹ میں باری مل گئی اور طویل انتظار نہیں کرنا پڑا، جبکہ 2 سال قبل انہیں گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا تھا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے سینٹر میں کیے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے انچارج اور عملے کو شاباش دی اور ہدایت کی کہ عوام کو بہترین اور تیز رفتار خدمات کی فراہمی کا سلسلہ ہر صورت جاری رہنا چاہیے۔