پاکستان اورعمان کے درمیان پٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ

معاہدے کے تحت عمان کی کمپنی پی ایس او کو پٹرولیم مصنوعات کی خریداری کے لیے 200 ملین ڈالر کی کریڈٹ سہولت بھی فراہم کرے گی

November 22, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:پاکستان اور عمان کے درمیان پٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا اہم معاہدہ طے پا گیا۔

پاکستان اور عمان کے درمیان توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور عمان کی کمپنی او کیو ٹریڈنگ کے درمیان پٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

معاہدے کے تحت عمان کی کمپنی پی ایس او کو پٹرولیم مصنوعات کی خریداری کے لیے 200 ملین ڈالر کی کریڈٹ سہولت بھی فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے مسقط میں عمان کے وزیر توانائی و معدنیات انجینئر سالم العوفی سے ملاقات کی،جس میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی، تیل، گیس اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، دونوں وزراء نے پی ایس او اور او کیو ٹریڈنگ کے درمیان معاہدے کی تقریب میں بھی شرکت کی۔

معاہدے کے تحت پی ایس او کو پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی کے لیے باقاعدہ تجارتی فریم ورک قائم ہوگا، اس پیش رفت کو پاکستان کی توانائی سکیورٹی مضبوط بنانے اور پٹرولیم درآمدات کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔