سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی بحرین میں ایرانی حملوں کی مذمت
مملکت بحرین کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے ہر اقدام میں اس کے ساتھ کھڑے ہیں
فائل فوٹو
ریاض: سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے بحرین پر ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے بحرین کی خود مختاری کی ’کھلی خلاف ورزی‘ قرار دیا ہے۔
سعودی عرب نے بحرین میں ایک شہری صنعتی تنصیب پر ہونے والے ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے بحرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت بحرین کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے ہر اقدام میں اس کے ساتھ کھڑی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب ایران کی ان مسلسل کارروائیوں کو یکسر مسترد کرتا ہے جو خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے، علاقائی ممالک اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے، بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے منشور اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے منشور کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔
سعودی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ ایران ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے اصولوں کو نظر انداز کر رہا ہے اور مملکت خطے میں جاری جارحانہ اقدامات کے نتائج کا ذمہ دار ایران کو سمجھتی ہے۔
دریں اثنا اماراتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات برادر ملک بحرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
خیال رہے کہ بحرین کی وزارتِ داخلہ نے بتایا تھا کہ دارالحکومت منامہ کے قریب شہری صنعتی تنصیب پر ایرانی حملے کی وجہ سے وہاں آگ بھڑک اُٹھی تھی۔ تاہم ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ بحرین میں امریکی فضائی دفاعی ریڈار کو نشانہ بنایا گیا۔