ایران کی پارلیمان کا آن لائن اجلاس اراکین کے احتجاج کے باعث منسوخ
حمید رسائی کا ٹیبلٹ فعال نہیں تھا،احتجاج کے دوران شور شرابہ
فائل فوٹو
تہران: ایرانی میڈیا کے مطابق اسلامی مشاورتی اسمبلی کا آن لائن اجلاس بعض اراکین کے شدید احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے باعث منعقد نہ ہو سکا۔
سرکاری خبر رساں ادارے اسنا کے مطابق پارلیمان کا ہفتہ وار اجلاس ویبینار کی صورت میں نائب اسپیکر علی نیکزاد کی سربراہی میں شیڈول تھا، تاہم کارروائی کے آغاز سے قبل ہی اجلاس میں رکاوٹ پیدا ہو گئی۔
رپورٹس کے مطابق تہران کے اراکین حمید رسائی، مہدی کوچکزادہ، علی خزریان اور اصفہان سے منتخب رکن حامد یزدیان نے اس امر پر احتجاج کیا کہ حمید رسائی کا ٹیبلٹ فعال نہیں تھا، جس کے باعث وہ اجلاس میں مؤثر شمولیت سے قاصر تھے۔
اسنا کے مطابق اس احتجاج کے دوران شور شرابہ ہوا اور اجلاس کی کارروائی متاثر ہونے کے بعد آن لائن اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے النا کے مطابق رکن پارلیمان حسین علی حاجی دلیگانی نے مطالبہ کیا کہ چوں کہ حمید رسائی اب جیل میں نہیں ، اس لیے ان کا ووٹ کا حق بحال کیا جائے تاکہ وہ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ واضح رہے کہ حمید رسائی کو نجی شکایت پر قید کی سزا ہوئی تھی اور وہ تقریباً پچاس روز بعد گزشتہ ہفتے رہا ہوئے تھے۔