امریکی بحری ناکہ بندی توڑنے کا منصوبہ موجود ہے ، بسیج نائب سربراہ کا دعویٰ
میں میزائلوں کی رینج کے بارے میں درست اعداد و شمار نہیں بتا سکتا، 2 ہزار کلومیٹر سے زیادہ ہے،صحافیوں سے گفتگو
فائل فوٹو
تہران: ایران کی نیم فوجی تنظیم بسیج کے نائب سربراہ قاسم قریشی نے کہا ہے کہ ایران کے میزائلوں کی رینج دو ہزار کلومیٹر سے زیادہ ہے، تاہم اُنھوں نے اس کی درست حد بتانے سے گریز کیا۔
تہران میں ایک تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قاسم قریشی نے ایران کے میزائل پروگرام کے بارے میں سوال کے جواب میں کہا کہ میں میزائلوں کی رینج کے بارے میں درست اعداد و شمار نہیں بتا سکتا، لیکن رہبرِ اعلیٰ کی جانب سے ہتھیاروں اور دفاعی سازوسامان کی طاقت اور صلاحیت کے بارے میں جو باتیں کہی گئی تھیں، وہ پوری ہو چکی ہیں۔
اُنھوں نے مزید کہا کہ ایران کے پاس امریکی بحری ناکہ بندی کو ناکام بنانے یا اس سے بچنے کا منصوبہ بھی موجود ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق قاسم قریشی نے کہا کہ ہمارے پاس بحری ناکہ بندی کو بائی پاس کرنے کا منصوبہ موجود ہے، لیکن اُنھوں نے یہ نہیں بتایا کہ اس منصوبے پر کب اور کیسے عمل کیا جا سکتا ہے۔