حوثیوں کا بیلسٹک میزائل مار گرانے کا سعودی دعویٰ، صنعا میں 6 افراد زخمی

کمپنی کے چھ ملازمین زخمی ہوئے , عمارت کو بھی نقصان پہنچا

November 22, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ریاض: یمن میں حوثیوں کے خلاف برسرِپیکار سعودی زیرِقیادت فوجی اتحاد کا کہنا ہے کہ اس نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے مغربی علاقے کی طرف داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل مار گرایا ہے، جبکہ حوثی حکام کے مطابق یمنی دارالحکومت صنعا میں ایک فضائی حملے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے ایک بیان میں کہا کہ فضائی دفاعی نظام نے حوثیوں کی جانب سے داغے گئے بیلسٹک میزائل کو روک کر تباہ کر دیا۔ اتحاد نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس نے ریاض کے علاقے کی طرف بھیجا گیا ایک ڈرون بھی مار گرایا ہے۔

دوسری جانب حوثیوں کے زیرِ انتظام وزارتِ صحت کے ترجمان انیس الاصباحی نے کہا کہ صنعا میں سرکاری تیل کمپنی کے ایک گیس سٹیشن کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس سے کمپنی کے چھ ملازمین زخمی ہوئے جبکہ عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔