9 ماہ کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1126 ارب روپے کی وصولی

عوام پر اضافی مالی بوجھ، حکومت نے ہدف کے تحت اربوں روپے جمع کر لیے

November 23, 2026 · قومی
پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی مد میں وصولیوں سے متعلق علامتی تصویر

پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی مد میں وصولیوں سے متعلق علامتی تصویر

 

وفاقی حکومت نے رواں سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کی مد میں عوام سے ایک ہزار 126 ارب 34 کروڑ روپے کی وصولی کی ہے۔

 

سرکاری اور نجی ذرائع سے حاصل کردہ اعداد و شمار کے مطابق، جنوری تا ستمبر 2026ء کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مجموعی وصولیوں کا حجم 1100 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے، جس سے شہری مہنگائی اور ٹیکسوں کے بھاری بوجھ تلے دب گئے ہیں۔

 

سرکاری دستاویزات کے مطابق، اسی مدت کے دوران پیٹرولیم مصنوعات پر نافذ کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی مد میں بھی تقریباً 47 ارب روپے کی الگ سے وصولی کی گئی ہے۔ صرف رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی یعنی جولائی تا ستمبر 2026ء کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 381 ارب 82 کروڑ روپے قومی خزانے میں جمع کیے گئے۔

 

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت نے موجودہ مالی سال کے دوران پیٹرولیم لیوی کے ذریعے 1.676 ٹریلین روپے جمع کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے، اور اس ہدف کے حصول کے لیے عوام سے ٹیکسوں کی وصولی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔