روس کے یوکرین پر میزائل و ڈرون حملے، کیف میں 11 افراد جاں بحق
شدید بمباری، رہائشی عمارت تباہ، توانائی تنصیبات کو نقصان پہنچا
یوکرین کے دارالحکومت کیف پر روسی حملے کے بعد تباہ شدہ رہائشی عمارت کا منظر
روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، اور دونوں جانب سے ایک دوسرے کے علاقوں پر میزائلوں اور ڈرونز سے شدید حملے جاری ہیں۔ گزشتہ رات روس کی جانب سے یوکرین کے دارالحکومت کیف کے گردونواح اور دیگر علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 11 افراد ہلاک ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق کیف سے تقریباً 45 کلومیٹر شمال میں واقع علاقے ڈائمر میں ایک 5 منزلہ رہائشی عمارت پر روسی فضائی حملہ کیا گیا، جس سے عمارت کا بڑا حصہ تباہ ہو گیا اور وہ ملبے کا ڈھیر بن گئی۔ یوکرین کی اسٹیٹ ایمرجنسی سروس کے مطابق امدادی کارکنوں نے ملبے سے لاشیں اور زخمیوں کو باہر نکالا۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون اور ایک نوجوان بھی شامل ہیں جبکہ ایک بچے کو زندہ بھی بچا لیا گیا۔ حملوں کے دوران شہر وشنووے میں ایک سپر مارکیٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں خریداری میں مصروف 2 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ بیلا تسیرکوا میں ایک نجی گھر پر حملے کے نتیجے میں لگنے والی آگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔
یوکرین کے انسانی حقوق کے محتسب دمترو لوبینٹس نے ان حملوں کو روس کی جنگ کا حصہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہریوں کی ہلاکتوں پر خاموشی توڑتے ہوئے روس کو جواب دہ بنائے۔
دوسری جانب روسی وزارت دفاع اور دیگر ذرائع کے مطابق روس نے ازمیل اور دنیپروپیٹروفسک میں توانائی کی تنصیبات، بندرگاہی انفرااسٹرکچر اور بجلی کے سب اسٹیشنز کو بھی نشانہ بنایا، جس سے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سردیوں کی آمد اور درجہ حرارت نقطہ انجماد کے قریب پہنچنے کے ساتھ ہی روس نے یوکرین کے توانائی کے نظام پر حملوں میں تیزی للا دی ہے۔ ادھر روس کے صوبے پرم پر بھی ایک یوکرینی ڈرون حملے کے نتیجے میں صنعتی تنصیب کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔