پاکستان کی میزبانی میں عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی ریجنل ورکشاپ کا آغاز

اسلام آباد میں پانچ روزہ ورکشاپ میں 22 ممالک کے ٹرینرز اور ماہرین شریک، اولمپیاڈ 2027 کی تیاریاں جاری

November 23, 2026 · قومی

پاکستان کی میزبانی میں عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی ریجنل ورکشاپ کا آغاز

اسلام آباد: چوتھے انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ 2027 سے قبل پاکستان کی میزبانی میں عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی ریجنل ورکشاپ کا آغاز ہوگیا۔

اس سلسلے میں پانچ روزہ ریجنل ورکشاپ کی افتتاحی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ 23 سے 27 نومبر تک جاری رہنے والی اس ورکشاپ میں 22 ممالک کے ٹرینرز اور ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔

تقریب کی مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر تھیں، جنہوں نے 2027 میں چوتھے انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ کی میزبانی کو پاکستان کے لیے اہم اعزاز قرار دیا۔

وجیہہ قمر کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی کامیابیاں پاکستان کے مستقبل اور سائنس و ٹیکنالوجی کی دنیا میں اہم مقام کی تشکیل میں کردار ادا کریں گی۔

چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے بتایا کہ پاکستان کے چھ نیوکلیئر پاور پلانٹس 3500 میگاواٹ سے زائد جوہری توانائی پیدا کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے 21 کینسر اسپتال ملک کے تقریباً 80 فیصد کینسر مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے اشتراک سے منعقد ہونے والی ورکشاپ میں عالمی اور مقامی ماہرین لیکچرز دیں گے۔

ورکشاپ کے دوران طلبہ کے انتخاب، تربیت، رہنمائی اور جدید سائنسی علوم کی تدریس پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔