سندھ حکومت کا 5 ایس ایس پیز کے بلوچستان تبادلوں پر اعتراض، خدمات وفاق کے حوالے نہ کرنے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ سے مشاورت کے بغیر تبادلوں کو قواعد کے خلاف قرار، چیف سیکریٹری کا وفاقی حکومت کو خط
سندھ حکومت کا 5 ایس ایس پیز کے بلوچستان تبادلوں پر اعتراض، خدمات وفاق کے حوالے نہ کرنے کا فیصلہ
کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں تعینات پانچ سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس ایس پیز) کے بلوچستان تبادلوں پر اعتراض اٹھاتے ہوئے ان افسران کی خدمات وفاق کے حوالے نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سندھ حکومت نے اس معاملے پر چیف سیکریٹری سندھ کے ذریعے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو باضابطہ خط ارسال کردیا ہے، جس میں پانچوں ایس ایس پیز کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت نے 13 نومبر 2026 کو پانچ ایس ایس پیز کے بلوچستان تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ سندھ حکومت کے خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک صوبے سے دوسرے صوبے میں افسران کے تبادلوں کے لیے وزیراعلیٰ سے مشاورت لازمی ہے، تاہم اس معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔
خط میں سول سروسز رولز 1954 کے رول 15(1) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کی مشاورت کے بغیر تبادلے قانونی ضوابط کے خلاف ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان تبادلہ کیے جانے والے افسران میں ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ، ایس ایس پی جامشورو محمد ظفر صدیق، ایس ایس پی سکھر احمد فیصل چوہدری، ایس ایس پی مٹیاری عبدالعلیم اور ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان حسیب جاوید سومرو میمن شامل ہیں۔
سندھ حکومت نے اپنے خط میں پولیس افسران کی کمی کا معاملہ بھی اٹھایا ہے۔ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سندھ پولیس میں گریڈ 18 کی 80 منظور شدہ آسامیوں میں سے 41 پہلے ہی خالی ہیں، جبکہ پانچ ایس ایس پیز کی خدمات واپس کرنے سے خالی آسامیوں کی تعداد 46 ہوجائے گی۔
خط کے مطابق ان پانچ اضلاع میں پولیس کے باقاعدہ سربراہ موجود نہیں رہیں گے، جس سے پولیس کے انتظامی امور میں مشکلات بڑھنے کا خدشہ ہے۔
سندھ حکومت نے اپنے مؤقف میں تبادلوں کے قانونی طریقہ کار اور صوبے میں پولیس افسران کی کمی کو بنیادی وجوہات قرار دیتے ہوئے پانچوں افسران کی خدمات وفاق کے حوالے کرنے سے انکار کیا ہے۔