ڈرون حملوں کے خطرے کے پیش نظر برطانوی جنگی طیارے محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کرنے کا فیصلہ

اہم دفاعی اقدام، جنگی طیارے ہینگرز میں منتقل، یوکرین جنگ میں روسی جانی نقصان میں اضافہ۔

November 26, 2026 · بام دنیا
برطانوی فضائیہ کی جانب سے جنگی طیاروں کی حفاظت کے لیے حفاظتی پناہ گاہوں میں منتقلی کا منظر۔

برطانوی فضائیہ کی جانب سے جنگی طیاروں کی حفاظت کے لیے حفاظتی پناہ گاہوں میں منتقلی کا منظر۔

 

 برطانوی فضائیہ نے ممکنہ ڈرون حملوں سے جنگی طیاروں کو محفوظ رکھنے کے لیے انہیں ہینگرز اور مضبوط حفاظتی پناہ گاہوں میں پہنچانا شروع کر دیا ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جن جنگی طیاروں کو رن ویز یا ایسے فوجی اڈوں پر کھڑا کرنا ناگزیر ہے جہاں مناسب حفاظتی انتظامات موجود نہیں، ان کے گرد ڈرون شکن جال لگانے کی بھی منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق یوکرین میں روسی ڈرون حملوں سے فوجی سازوسامان، اہم تنصیبات اور شاہراہوں کو محفوظ رکھنے کے لیے اس نوعیت کے حفاظتی جال پہلے ہی استعمال کیے جا رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی دفاعی تنصیبات کو لاحق خطرات کے پیش نظر برطانوی خفیہ ادارے ایم آئی 5 اور وزارت دفاع نے دفاعی کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ انہیں روس کی جانب سے تخریب کاری کے بڑھتے ہوئے خطرات درپیش ہیں۔ برطانوی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سر ہارو سمائتھ کے مطابق ممکنہ جنگی صورتحال میں طیاروں کو مختلف مقامات پر منتقل کرنے کی مشقیں ضروری ہیں، کیونکہ مستقبل کی جنگ میں برطانیہ کے اندر بھی کوئی مقام مکمل طور پر محفوظ نہیں ہو گا۔

دوسری جانب بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین پر روس کے فروری 2022 میں شروع کیے گئے حملے کے بعد سے اب تک 7 لاکھ سے زائد روسی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ روسی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کی جانب سے لیک ہونے والے سرکاری ڈیٹا کے تجزیے کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 4 لاکھ 70 ہزار سے 7 لاکھ کے درمیان بتائی گئی ہے، جبکہ بعض اندازوں کے مطابق لاپتا فوجیوں کو شامل کرنے کے بعد یہ تعداد 7 لاکھ 20 ہزار سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔ روسی اپوزیشن میڈیا اداروں کے مطابق روسی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار سے ستمبر کے اختتام تک تقریباً 4 لاکھ 90 ہزار فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوتی ہے، جبکہ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف کا کہنا ہے کہ فوجی ہلاکتوں کے اعداد و شمار باضابطہ طور پر جاری کرنے کا اختیار صرف روسی وزارت دفاع کو حاصل ہے۔