مولانا فضل الرحمان نے پوراملک جام کرنے کی دھمکی دے دی۔کارکنوں کو سڑکوں پر آنے کی کال

گرفتاریوں پر ملک گیر احتجاج کرنے کا اعلان

November 26, 2026 · اہم خبریں

ریاستی محاصرے میں ہوں، کارکنوں کو ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،مولانا فضل الرحمان

 

جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پورا ملک جام کرنے کا اعلان کردیا۔ ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم سے سڑکوں پرآنے اور ملک بھرمیں راستوں کو بلاک کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔

وڈیو میں ان کا کہناتھاکہ 26 نومبر 2026 کو سرگودھامیں عظیم الشان کانفرنس کا اعلان کیا گیا تھا ،وہ بدستور برقرارہے، قافلے پہنچ رہے ہیں ، لیکن لاہور میں میری رہائش گاہ پر کنٹینرزکھڑے کرکے ہماری نقل وحرکت کو محدودکردیاگیاہے، موٹروے اور سرگودھا جانے والے تمام راستے مسدود ہیں۔شہرمیں کرفیو کا سماں ہے، پنڈال پر پولیس کا قبضہ ہے، کارکنوں کو ملک بھرمیں گرفتار کیا جارہاہے۔ رہنما حراست میں اور نظربندہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا مزید کہناہہے کہ ہم جلسہ گاہ تک پہنچیں یا نہ پہنچیں لیکن تمام صوبوں کے کارکنوں اور عوام سڑکوں پر آکر تمام راستے بندکردیں، ہائی ویز اور موٹر ویز روک دیں ۔جلسہ نہ کرنے دینے پر احتجاج کریں۔ تشدد کیوں ہورہاہے، یہ قابل قبول نہیں۔کوہستان سے چمن تک کارکن باہر نکلیں اور احتجاجاً راستے بندکردیں۔

اس سے قبل سرگودھا جلسہ اور جے یو آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں سے متعلق اپنے ایک بیان میں ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری ،امیر پنجاب مولانا امجد خان اور ،مرکزی صدر جےٹی آئی ملک اویس کو پنجاب پولیس نے گرفتار کر لیا، حکومت ہوش کے ناخن لے فی الفور رہا نہ کیا تو حالات کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر ہوگی، کیا ملک میں مارشل لاء لگ چکا ہے ؟ سیاسی اجتماعات پر پابندی کیوں لگائی جارہی ہے۔

ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ مریم بی بی خود تو جلسے جلوس کررہی ہے، کیا اپوزیشن جماعتوں کو جلسوں کا حق حاصل نہیں، آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرنے کو ہماری کمزوری سمجھا جا رہا ہے، ہائبرڈ نظام کی جمہوریت کا چہرہ عیاں ہو گیا ہے، مولانا عبد الغفور حیدری ممبر قومی اسمبلی ہیں ،کیا ان کی گرفتاری سپیکر قومی اسمبلی کی اجازت سے کی گئی ہے۔

ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ حکومت فوری طور پر گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کرے، بغیر وارنٹ گرفتاریاں اس ملک کے جمہوری نظام کے منہ پر طمانچہ ہیں، مولانا عبدالغفور حیدری کی صحت کے حوالے سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی، جےیوآئی کے دیگر عہدیداران کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔

جنرل سیکریٹری پنجاب نصیر احرار نے کہا کہ حکومت ہمارے گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو جلد ازجلد رہا کرے، ہم پر امن ہوکر تھوری دیر میں سرگودھا جلسہ کی جانب روانہ ہونگے، جی ٹی روڈ، موٹر وے اور دیگر راستے بند کرکے عوام کو تنگ کیا جا رہا ہے، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔