نئے انتظامی یونٹس کیلئے ریفرنڈم لاحاصل ہوگا،یہ صرف پیسوں کا ضیاع ہے: وزیراعلیٰ سندھ
مراد علی شاہ کا صوبائی حدود کی تبدیلی کیلئے آئینی طریقہ کار اپنانے پر زور، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں بھی تبدیلیوں کا اعلان
نئے انتظامی یونٹس کیلئے ریفرنڈم لاحاصل ہوگا، یہ صرف پیسوں کا ضیاع ہے: وزیراعلیٰ سندھ
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے ریفرنڈم لاحاصل ہوگا اور اس پر اخراجات کرنا پیسوں کا ضیاع ہے، جس کا کوئی مقصد نہیں ہوگا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ لوگ آجاتے ہیں کہ ہمیں صوبے بنانے ہیں، جب آپ عوامی معاملات میں آتے ہیں تو آپ کو تنقید بھی برداشت کرنا پڑتی ہے، ہم بھی تنقید کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کے حوالے سے ان سے کسی نے بات نہیں کی، دوسرا سوال یہ ہے کہ ریفرنڈم کس چیز کے لیے ہوگا؟ ان کے خیال میں ریفرنڈم کسی مسئلے کا حل نہیں، کیونکہ اس کے بعد بھی آئینی طریقہ کار ہی اپنانا ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئین میں جو چیزیں واضح طور پر موجود ہیں ان پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔ صوبائی حدود میں تبدیلی صوبائی اسمبلی کی منظوری کے بغیر ممکن نہیں، ہم نے پہلے ہی دن اپنا مؤقف واضح کردیا تھا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو لگتا ہے کہ حکومت سندھ اسٹیبلشمنٹ کے دباؤ میں آکر نیا بلدیاتی قانون بنا رہی ہے تو یہ درست نہیں۔ تنقید ہر کوئی کرسکتا ہے، تاہم نیا بلدیاتی قانون بنانا پہلے ہی ہمارے منشور میں شامل تھا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں زیر تعمیر عمارتوں سے متعلق بتایا کہ شہر میں اس وقت 123 عمارتیں عدالتی حکم امتناع کے تحت تعمیر کی جارہی ہیں، حکومت نے ان تمام عمارتوں پر کام رکوا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت سے درخواست کی ہے کہ 15 دن میں ان عمارتوں کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے۔ اگر توہین عدالت کی کارروائی ہوئی تو اس کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں ری سیٹ کرنے جارہے ہیں، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) میں 17 افراد کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔