ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کار اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم، 8 افراد جاں بحق
حادثے میں چار کمسن بچے، تین مرد اور ایک خاتون زندگی کی بازی ہار گئے
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کار اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم، 8 افراد جاں بحق
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں رجانہ روڈ پر کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ چک نمبر 268 گ ب موٹے والا کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار کار ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ 8 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 6 سے 9 سال کی عمر کے 4 بچے، تقریباً 30 سالہ ایک خاتون اور 30 سے 40 سال کی عمر کے 3 مرد شامل ہیں۔
حادثے میں 45 سالہ خاتون اور 5 سے 6 سال کی عمر کے دو بچے زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی پانچ گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔