کراچی: امریکی ہیلتھ کیئرفراڈ میں ملوث 5 پاکستانی گرفتار، 15 کروڑ نقد،6 کروڑ کی کرپٹو کرنسی برآمد
گرفتار کیے گئے تین مرکزی ملزمان کا تعلق میرپور خاص سے ہے ، نشاندہی پر میرپور خاص کے ایک چرچ کے احاطے میں کھڑی کار سے 15 کروڑ روپے نقد رقم برآمد کیے گئے
فوٹو مقامی میڈیا
کراچی: نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر امریکہ میں بزرگ شہریوں کے ساتھ میڈیکل انشورنس فراڈ میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان کو کراچی کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے انہیں 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر این سی سی آئی اے کے حوالے کر دیا۔ این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق جسمانی ریمانڈ کی مدت جمعے کو ختم ہو رہی ہے، جس کے بعد ملزمان کو دوبارہ عدالت میں پیش کر کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے تین مرکزی ملزمان کا تعلق میرپور خاص سے ہے اور ان کی نشاندہی پر میرپور خاص کے ایک چرچ کے احاطے میں کھڑی کار سے 15 کروڑ روپے نقد رقم برآمد کی گئی ہے۔
شہزاد اکبر کے مطابق ملزمان یہ فراڈ 2020 سے کر رہے تھے اور چار برسوں کے دوران ان کے 23 بینک اکاؤنٹس میں ایک ارب 20 کروڑ روپے منتقل ہوئے، جن میں سے بیشتر اکاؤنٹس کراچی کے ایک نجی بینک میں قائم کیے گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی کمپنی ’گلوبل ریسورس گروپ‘ امریکی تحقیقاتی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹگیشن (ایف بی آئی) کے ریکارڈ میں بھی موجود تھی، اور کراچی میں امریکی قونصل خانے کے سفارتکاروں نے بھی زبانی طور پر اس کمپنی کا ذکر کیا تھا، جب کہ تحقیقات کے سلسلے میں ایف بی آئی کے ساتھ معلومات کا تبادلہ بھی کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ملزمان امریکہ میں معمر افراد کو فون کر کے پائیدار طبی آلات (ڈی ایم ای) سے متعلق انشورنس کوریج اور مراعات کا جھانسہ دیتے اور ان کی ذاتی و طبی معلومات حاصل کرتے تھے۔ یہ تفصیلات امریکہ میں موجود بلنگ پارٹنر کو بھیجی جاتی تھیں جو ہیلتھ انشورنس کمپنیوں کو غیرقانونی کلیمز جمع کراتا تھا۔ کمیشن اور اخراجات منہا کرنے کے بعد رقوم طے شدہ حصص کے مطابق تقسیم کی جاتی تھیں، جو پاکستان میں حوالہ ہنڈی، نقد اور فرضی کمپنیوں و فرموں کے اکاؤنٹس کے ذریعے آتی تھیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق ملزمان کے امریکہ میں بھی ساتھیوں کی موجودگی کا شبہ ہے۔ این سی سی آئی اے کے اعلامیے کے مطابق ملزمان کے بائنانس اکاؤنٹ میں تقریباً چھ کروڑ روپے مالیت کی کرپٹو کرنسی بھی موجود ہے۔