غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے جاری، حماس کے سینئر رہنما سمیت متعدد فلسطینی شہید

مسلسل جارحیت پر جوابی لائحہ عمل کا عندیہ، حماس کا دیگر فلسطینی تنظیموں سے مشاورت کا اعلان۔

November 27, 2026 · بام دنیا
غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے جاری، حماس کے سینئر رہنما سمیت متعدد فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے جاری، حماس کے سینئر رہنما سمیت متعدد فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی قابض افواج کے فضائی اور زمینی حملے تاحال تھم نہ سکے، جن کے نتیجے میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مزید 19 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔تازہ ترین حملوں میں حماس کے سیاسی دفتر کے رکن اور نائب وزیر تعلیم خالد ابو ندا سمیت 10 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا گیا جس میں خالد ابو ندا شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے۔

فلسطینی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس 11 اکتوبر کو نافذ ہونے والی جنگ بندی کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 1705 تک جا پہنچی ہے۔ وزارت صحت نے مزید تصدیق کی ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل کی جانب سے مسلط کی گئی جنگ کے آغاز سے اب تک غزہ میں مجموعی طور پر 74772 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 176298 ہو گئی ہے۔

حماس کے سربراہ خلیل الحیہ نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تنظیم مسلسل اسرائیلی حملوں کو مزید برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حماس دیگر فلسطینی دھڑوں کے ساتھ فوری مشاورت کرے گی تاکہ اسرائیلی خلاف ورزیوں اور روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی نہتے شہریوں کی ہلاکتوں کا مؤثر جواب دینے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اس امر کا اعتراف کیا ہے کہ حالیہ حملے حماس کے ارکان اور اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف جاری کارروائیوں کا حصہ ہیں۔ اسرائیلی دعوے کے مطابق گزشتہ 1 ماہ کے دوران حماس کے تقریباً 80 جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے، جبکہ شہید ہونے والے خالد ابو ندا کے بارے میں قابض فوج کا کہنا تھا کہ وہ تنظیم کے مالیاتی امور اور سرمایہ کاری کے نیٹ ورک کی نگرانی کرتے تھے۔ حماس نے خالد ابو ندا کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے تعلیمی اور شہری شخصیات کو نشانہ بنانے کو جنگ بندی معاہدے اور بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ تنظیم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کو بھی اس خون خرابے کا سیاسی اور اخلاقی ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔