وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نادرا میگا سنٹر شملہ پہاڑی کا اچانک دورہ
سہولتوں کا جائزہ، شہریوں کے مسائل سنے، ٹوکن کے حصول میں انتظار کی شکایت پر فوری حل کی یقین دہانی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نادرا میگا سنٹر شملہ پہاڑی کا اچانک دورہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں نادرا میگا سنٹر شملہ پہاڑی کا دورہ کیا اور وہاں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے شناختی کارڈز اور دیگر اہم دستاویزات بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی اور خدمات کی فراہمی میں لگنے والے وقت، عملے کے رویے اور درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔
دورے کے دوران محسن نقوی مختلف کاؤنٹرز پر گئے اور شہریوں کے مسائل براہ راست سنے۔ اس موقع پر بعض شہریوں نے ٹوکن کے حصول کے لیے باہر انتظار کرنے کی شکایات کیں، تاہم سنٹر کے اندر انتظامات اور تیز رفتار خدمات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ شہریوں نے بتایا کہ ٹوکن کے حصول کے لیے انتظار کرنا پڑتا ہے لیکن سنٹر کے اندر چند ہی منٹوں میں کام مکمل ہو جاتا ہے۔ بعض شہریوں نے آگاہ کیا کہ انہیں صرف 10 منٹ میں اپنی باری مل گئی، جبکہ ایک بزرگ شہری نے عملے کے تعاون اور رہنمائی کو سراہتے ہوئے بتایا کہ کم ترین وقت میں ان کا کام مکمل ہوگیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے سنٹر کے اندر بہترین انتظامات اور شہریوں کو فوری خدمات کی فراہمی پر نادرا عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ ٹوکن کے حصول کے دوران انتظار کا مسئلہ بھی جلد حل کیا جائے گا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہوگی کہ شہریوں کو سنٹر کے اندر فراہم کی جانے والی تیز رفتار خدمات کی طرح ٹوکن کے حصول کے مرحلے میں بھی بھرپور سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے موقع پر موجود بعض شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو احکامات بھی جاری کیے۔
وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کو بروقت اور بلا تاخیر خدمات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کیونکہ شہریوں کا اعتماد اور مثبت فیڈ بیک ہی کسی بھی ادارے کی کامیابی کا اصل معیار ہے۔ انہوں نے چیئرمین نادرا اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لیے اسی جذبے اور عزم کے ساتھ کام جاری رکھا جائے۔