پاکستان میں مہنگی گاڑیوں کی قیمت میں لاکھوں روپے کی کمی

قیمتوں میں سب سے زیادہ کمی ٹینک 500 پلگ اِن ہائبرڈ کی ہوئی ہے، جس کی قیمت 38 لاکھ روپے کم کردی گئی ہے۔

November 28, 2026 · امت خاص
پاکستان میں مہنگی گاڑیوں کی قیمتوں میں لاکھوں روپے کی کمی

پاکستان میں مہنگی گاڑیوں کی قیمتوں میں لاکھوں روپے کی کمی

پاکستان میں گاڑیاں تیار اور فروخت کرنے والی کمپنی سازگار انجینئرنگ ورکس نے اپنی تمام چار پلگ اِن ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کردی ہے۔ قیمتوں میں سب سے زیادہ کمی ٹینک 500 پلگ اِن ہائبرڈ کی ہوئی ہے، جس کی قیمت 38 لاکھ روپے کم کردی گئی ہے

کمپنی کے مطابق ٹینک 500 پلگ اِن ہائبرڈ کی سابقہ قیمت 2 کروڑ 25 لاکھ روپے تھی، جو کم ہوکر ایک کروڑ 87 لاکھ روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح ہاول ایچ 6 پلگ اِن ہائبرڈ ایچ آئی فور کی قیمت میں 16 لاکھ روپے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت ایک کروڑ 12 لاکھ 95 ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے۔

ہاول ایچ 6 پلگ اِن ہائبرڈ جی ٹی کی قیمت 9 لاکھ 54 ہزار روپے کم ہوکر ایک کروڑ 19 لاکھ 95 ہزار روپے ہوگئی ہے، جبکہ ہاول ایچ 6 پلگ اِن ہائبرڈ کی قیمت میں 4 لاکھ روپے کمی کے بعد نئی قیمت ایک کروڑ 4 لاکھ 49 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

قیمتوں میں کمی کے بعد گاڑیوں کی نئی تفصیلات درج ذیل ہیں:

  • ٹینک 500 پلگ اِن ہائبرڈ: ایک کروڑ 87 لاکھ روپے

  • ہاول ایچ 6 پلگ اِن ہائبرڈ جی ٹی: ایک کروڑ 19 لاکھ 95 ہزار روپے

  • ہاول ایچ 6 پلگ اِن ہائبرڈ ایچ آئی فور: ایک کروڑ 12 لاکھ 95 ہزار روپے

  • ہاول ایچ 6 پلگ اِن ہائبرڈ: ایک کروڑ 4 لاکھ 49 ہزار روپے

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق پہلے سے بک کروائی گئی ان گاڑیوں پر بھی ہوگا جن کی فراہمی ابھی باقی ہے۔ اس میں وہ صارفین بھی شامل ہیں جو جزوی یا مکمل ادائیگی کرچکے ہیں۔

سازگار انجینئرنگ کے مطابق قیمتوں میں نظرثانی حکومت کی جانب سے نئی توانائی پر چلنے والی گاڑیوں سے متعلق اعلان اور وزیراعظم کی منظوری کے بعد کیے گئے اقدامات کے تحت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 7 نومبر کو وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے نئی آٹو پالیسی 2026ء تا 2031ء کے خدوخال پیش کیے تھے۔ مجوزہ پالیسی میں پلگ اِن ہائبرڈ گاڑیوں پر 9 فیصد، توسیعی برقی نظام والی گاڑیوں پر 6 فیصد اور مکمل بیٹری سے چلنے والی گاڑیوں پر ایک فیصد سیلز ٹیکس تجویز کیا گیا ہے۔ تاہم اس پالیسی کی وفاقی کابینہ سے منظوری ہونا ابھی باقی ہے۔