کوٹ ادو میں مریض کے دم توڑتے ہی لواحقین نے ڈاکٹر کو پیٹ ڈالا،3 گرفتار
مریض کو بروقت طبی امداد فراہم نہیں کی گئی، جس کے باعث اس کی موت واقع ہوئی۔ورثا کا الزام
کوٹ ادو میں مریض کے دم توڑتے ہی لواحقین نے ڈاکٹر کو پیٹ ڈالا،3 گرفتار
تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کوٹ ادو کے ایمرجنسی وارڈ میں مریض کے جاں بحق ہونے پر ورثا نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے دو ڈاکٹروں کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا دیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے ڈاکٹرز پر تشدد کے الزام میں تین افراد کو حراست میں لے لیا۔
ورثا کا الزام ہے کہ مریض کو بروقت طبی امداد فراہم نہیں کی گئی، جس کے باعث اس کی موت واقع ہوئی۔ دوسری جانب اسپتال انتظامیہ نے غفلت کے الزامات مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مریض کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی تھی اور وہ پہلے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھا۔
اس سے قبل سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق تشدد کے نتیجے میں ایک ڈاکٹر کے سر پر گہری چوٹ آئی جبکہ ان کی ناک کی ہڈی بھی ٹوٹ گئی۔ واقعے پر طبی حلقوں کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور ڈاکٹروں کے تحفظ کا مطالبہ کیا گیا۔
دوسری جانب مریض کے ورثا نے گرفتار افراد کی رہائی اور مبینہ غفلت برتنے والے ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
طبی حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بجائے کسی بھی مبینہ غفلت کی تحقیقات قانونی طریقہ کار کے مطابق ہونی چاہئیں۔ اسپتالوں میں طبی عملے کا تحفظ اور مریضوں کو بروقت علاج کی فراہمی دونوں ضروری ہیں۔