ایم کیو ایم نے کل کی شیڈول ریلی اور جلسہ منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا

مصطفیٰ کمال ، فاروق ستار اور دیگر رہنماؤں کی پریس کانفرنس

November 28, 2026 · قومی

ایم کیو ایم نے کل کی شیڈول ریلی اور جلسہ منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے 29 نومبر کو شیڈول ریلی اور جلسہ منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ رہنماؤں نے اعلان کیا کہ 29 نومبر کی ریلی منسوخ کر دی گئی ہے اور دسمبر میں نئی تاریخ دی جائے گی۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ امن و امان کی خاطر ریلی کی تاریخ 10 مرتبہ بھی تبدیل کرنی پڑی تو کریں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کمشنر کراچی کے ذریعے ریلی کی اجازت نہ دینے کے فیصلے کو غیر منصفانہ قرار دیا اور کہا کہ سیکیورٹی خدشات تھے تو حکومت بات کرتی، پارٹی خود ریلی ملتوی کر دیتی۔

ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی اپنی پراکسیز کی سرپرستی کر رہی ہے، انتظامی یونٹس کے قیام کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے، اور قوم پرستوں کو اجازت دینا سندھو دیش کی راہ ہموار کرنا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انتظامی یونٹس کے قیام کے مقصد کو عوام میں بھرپور پذیرائی مل رہی ہے اور پارٹی اس مؤقف پر قائم ہے۔