گداگری کا مقدمہ درج کرنے کے نام پر شہری سے رقم لینے کا الزام ثابت، ایس ایچ او کیخلاف مقدمے کا حکم

کھلی کچہری میں وراثتی جائیداد، سود خوری، موبائل چوری اور تشدد سے متعلق شکایات بھی سامنے آگئیں

November 28, 2026 · قومی

گداگری کا مقدمہ درج کرنے کے نام پر شہری سے رقم لینے کا الزام ثابت، ایس ایچ او کیخلاف مقدمے کا حکم

لاہور: گداگری کا مقدمہ درج کرنے کے نام پر شہری سے رقم لینے کی شکایت پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے الزام درست ثابت ہونے کے بعد ایس ایچ او گجر پورہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

شہری نے ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری میں پیش ہو کر شکایت کی کہ پولیس اہلکاروں نے اس سے 2500 روپے چھینے، جبکہ موبائل کے ذریعے 2 ہزار روپے بھی ٹرانسفر کروائے گئے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شکایت کی تصدیق کے بعد الزام درست ثابت ہونے پر ایس ایچ او گجر پورہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب وراثتی جائیداد میں حصہ نہ ملنے کی شکایت پر ایس ایچ اوز بھاٹی گیٹ، شادمان اور ساندہ کو فریقین کے درمیان مصالحت کروانے کا حکم دیا گیا، جبکہ سود خور کی جانب سے دھمکیاں دینے کی شکایت پر ایس ایچ اوز لاری اڈہ اور شالیمار کو کارروائی کی ہدایت کی گئی۔

شہری کی جانب سے موبائل چوری کی شکایت پر ایس ایچ او نواں کوٹ کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا، جبکہ کرایہ داری کے تنازع اور تشدد سے متعلق شکایات پر متعلقہ افسران کو قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی۔

فیصل کامران نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ تمام شکایات پر میرٹ کے مطابق کارروائی کرکے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری شہریوں کی براہ راست رسائی کا مؤثر ذریعہ ہے اور شہریوں کو فوری ریلیف اور انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ہفتے میں چھ روز کھلی کچہری لگاتے ہیں، جبکہ اتوار کو دن 12 بجے آن لائن کھلی کچہری بھی کرتے ہیں۔